ذوالحجہ کا چاند نظرنہیں آیا، عیدالاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کوہوگی

کراچی: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے...
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2020 09:29pm

کراچی: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیشگوئی کی تھی کہ آج 21 جولائی کو پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آجائے گا اور عید 31 جولائی بروز جمعہ کو ہوگی تاہم اس کے برعکس ملک بھر میں آج ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔

اجلاس میں مفتی ابراہیم قادری، عبدالخبر آزاد، مفتی عارف سعیدی، عبید اللہ پنور، مولانا ظفر سعیدی، مولانا عبدالمالک بروہی، علامہ سید شاہد علی، علامہ قرار نقوی، جیلانی،غلام مرتضی، ڈاکٹر طارق مسعود وزرات سائنس ٹیکنالوجی شریک ہوئے۔

اجلاس ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نہ نظر آنے کا اعلان کیا۔

مفتی منیب الرحمان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی مقام سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذوالحجہ 23 جولائی بروز جمعرات جبکہ عیدالاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کو ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔