ذوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے پر فواد چوہدری کا ردعمل بھی آگیا

ذوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ...
شائع 22 جولائ 2020 12:04am

ذوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ذوالحجہ کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے مگر رویت ہلال والے کہہ رہے ہیں کہ چاند نظر نہیں آیا، جب بادل ہیں تو چاند کہاں سے نظر آئے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند نظر آچکا ہے، رویت ایپ پر دیکھیں چاند نظر آجائے گا۔

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ سائنسی دور میں ٹیکنالوجی سے چاند کیوں نہیں دیکھا جاسکتا؟

یاد رہے کہ ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (21 جولائی) کراچی میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔

اجلاس میں مفتی ابراہیم قادری، عبدالخبر آزاد، مفتی عارف سعیدی، عبید اللہ پنور، مولانا ظفر سعیدی، مولانا عبدالمالک بروہی، علامہ سید شاہد علی، علامہ قرار نقوی، جیلانی،غلام مرتضی، ڈاکٹر طارق مسعود وزرات سائنس ٹیکنالوجی شریک ہوئے۔

اجلاس ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نہ نظر آنے کا اعلان کیا۔

مفتی منیب الرحمان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی مقام سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذوالحجہ 23 جولائی بروز جمعرات جبکہ عیدالاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کو ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ 21 جولائی کو پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آجائے گا اور عید 31 جولائی بروز جمعہ کو ہوگی تاہم اس کے برعکس ملک بھر میں آج ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔