کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ...
شائع 24 جولائ 2020 12:54pm

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیتےہوئے 25اگست کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں کنڈے سے بجلی کے حصول اور لوڈ شیڈنگ سے مستثیٰ علاقوں میں بندش کخلا ف درخواست کی سماعت ہوئی۔

جسٹس خادم حسین نے کے الیکٹرک انتظامیہ اور وکلا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کے الیکٹر ک پر ہر کوئی انگلی اٹھا رہا ہے ، ایسی صورتحال میں تو کے الیکٹر ک کا لائنسنس معطل ہونا چاہیئے ،کراچی کے لوگ کے الیکٹرک کی وجہ سے بڑی تکلیف میں ہیں، کنڈے سے بجلی کے حصول اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے بتایا شہر سے کافی علاقوں سے کنڈے ہٹا دیئے ہیں، بجلی کی تاریں بھی تبدیل کردی ہیں، جسٹس خادم حسین شیخ نے کہا شہر میں تو ابھی بھی کنڈے لگے ہیں، لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

وکیل نے بتایا کئی علاقے ایسے جہاں ہماری ٹیمیں نہیں جاسکتیں، بعض علاقوں میں کنڈے ہٹانے کے بعد لوگ دوبارہ لگا لیتے ہیں۔

جسٹس خادم حسین نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تو آپ کہہ رہے تھے کہ کنڈے ہٹادیئے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کے الیکٹرک نے ناکارہ لوگ بھرتی کئے ہیں؟ ۔

جسٹس ارشد حسین خان نے کہا بڑی بڑی تاروں پر عام آدمی کنڈا کیسے لگا سکتا ہے؟ اگر کوئی بجلی چوری کرتا ہے تو ان کیخلاف کیا کارروائی کی گئی؟ ہمارے سامنے باتیں مت بنائیں، بجلی چوری کے کتنے مقدمات بنائے گئے ہیں؟ ۔

جسٹس خادم حسین نے کہا ہمیں سب معلوم ہیں کے الیکٹرک والے صرف پیسے بنا رہے ہیں اور لوگ ناکارہ بھرتی کیے گئے ہیں۔

عدالت نے تاروں سے کنڈے ہٹانے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 25اگست کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔