Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

کوروناوائرس: پنجاب حکومت کاعید الاضحیٰ پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ

لاہور:کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ...
اپ ڈیٹ 26 جولائ 2020 12:51pm

لاہور:کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیاجبکہ مویشی منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کردیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس ہوا جس میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان کمشنر لاہور،‏ڈی آئی جی آپریشنز اور سیکریٹری بلدیات نے بھی شرکت کی ۔

پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کی روک تھام کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ اضلاع میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کردیا گیا۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت کیلئے انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، عید سے قبل بازاروں میں خریداری کی سرگرمیوں سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لئے صوبائی حکومت نے عید الفطر کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے مفاد عامہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

جواد رفیق ملک نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں معمر افراد اور بچوں کے داخلے پر پابندی اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائےجبکہ مویشی منڈیوں میں اسکرینگ کیلئے کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھنے، سالڈ ویسٹ میجمنٹم پلان تیار کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ عیدالاضحی پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہےاور اس مقصد کیلئے آئی جی پولیس پنجاب کو نماز عید کے اجتماعات کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔