پنجاب :لاک ڈاؤن میں کون کون سے کاروباروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا؟

لاہور: پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ پر لاک ڈاؤن کے دوران درزیوں،...
شائع 29 جولائ 2020 02:08pm

لاہور: پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ پر لاک ڈاؤن کے دوران درزیوں، ڈرائی کلینرز، فرٹیلائزر اورایکسچینج کمپنیز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کیپٹن (ر)محمد عثمان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق عید کے موقع پر ایکسچینج کمپنیوں کو استثنیٰ ملنے سے بیرون ملک سے بھیجی جانے والی رقوم حاصل کرنے میں دشواری نہیں ہوگی۔

فصلوں پر بروقت زرعی ادویات کے استعمال کے پیش نظر فرٹیلائزر کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں کھلے رکھے جانے والے تمام کاروبار حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہیں گے،احتیاطی تدابیر کے باعث صوبے میں کوروناکیسز کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔