Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے انسداددہشتگردی ترمیمی بل کی منظوری دے دی

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے انسداد ...
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2020 01:31pm

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کی منظوری دے دی جبکہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل بل میں ترمیم بھی پاس ہوگئی، فاروق نائیک کی تجویز کردہ ترمیم بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

چیئرمین جاوید عباسی کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا،جس میں انسداددہشتگردی ترمیمی بل اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل ترمیمی بل پر غورکیاگیا۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ ایشیاء پیسیفک گروپ اور ایف اے ٹی ایف دونوں ہی پاکستان کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ،سیکیورٹی کونسل کی پابندیوں پر عملدرآمد لازمی ہوتا ہے، دہشتگردوں کے حوالے سے ایس آر او چند گھنٹوں میں جاری کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کونسل ایکٹ میں ترمیم ایف اے ٹی ایف کی تجویز کردہ ہے، 6اگست تک ایف اے ٹی ایف کو عملدرآمد رپورٹ بھجوانی ہے۔

غور و خوص کے بعد سینیٹ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے سیکیورٹی کونسل ترمیمی بل منظور کر لیا۔

فاروق نائیک نے تجویز دی کہ اختیارات تفویض کرنے کے ساتھ پاکستانی شخصیت یا ادارے کا نام شامل کیا جائے، چاہتے ہیں اختیارات کسی غیر پاکستانی کو نہ منتقل ہو سکیں، کمیٹی نے تجویز کردہ ترمیم بھی منظور کی۔

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے بھی فاروق نائیک کی ترمیم کی حمایت کی۔

کمیٹی ارکان نے ایف اے ٹی ایف کے مطالبات کی کاپی فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کی بھی ترمیم کے ساتھ منظوری دے دی۔

فروغ نسیم نے کہا کہ بل کے تحت غفلت برتنے والے سرکاری افسران کیخلاف بھی کارروائی ہوسکے گی،سرکاری افسران کیخلاف کیس ٹو کیس فوجداری اور محکمانہ کارروائی ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ بل کے تحت جرمانہ ایک کروڑ سے بڑھا کر 5کروڑ کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ 10سال تک سزا بھی تجویز کی گئی ہے جبکہ اجلاس میں اراکین کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ قانون کا خوف ہونا بہت ضروری ہے، فروغ نسیم نے کہا کہ ملک صاحب آپ تو ہمارے ساتھ ہیں، جس پر لیگی رکن جاوید عباسی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ لوگ آپکے ساتھ ہیں۔

عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ ملک کیلئے ہم سب حکومت کے ساتھ ہیں، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ رحمان ملک اور فروغ نسیم آپس میں ملے ہوئے لگتے ہیں، جس پر رحمان ملک نے جواب دیا کہ بل پاس کرنے ہی ہیں تو دودھ میں منگنیں کیوں ڈال رہے ہیں تو پیپلزپارٹی کے ہی مصطفیٰ نواز کھوکھر بولے ہم دودھ میں مینگنیں نہیں ڈال رہے ایسی بات نہ کریں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div