Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

کورونا کیسز میں کمی:پنجاب میں آج سے لاک ڈاؤن ختم

لاہور:پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد پنجاب میں آج سے لاک...
شائع 03 اگست 2020 09:30am

لاہور:پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد پنجاب میں آج سے لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا،صبح 9سے 7سات بجے تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے گزشتہ کئی ماہ سے لاک ڈاؤن جاری ہےتاہم پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 5اگست کی بجائے آج سے لاک ڈاؤن ختم کردیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے عیدالاضحیٰ پر نافذ کیا گیا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق مویشی منڈیوں سے لےت گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے اور عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کورونا پھیلاؤ کے امکانات کم ہونے کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 5 اگست پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی کی اجازت بھی ہوگی تاہم متعلقہ ادارے ریلی میں فاصلہ اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز صبح 9 سے شام 7 بجے تک پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز، پنکچر شاپ، آٹا چکی، تندور اور زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی، کال سینٹرز کو 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ بھی 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی، گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے، چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کیلئے کھلے رہیں گے۔

سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کے مطابق عید الاضحیٰ پر نافذ ہونے والالاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے، سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کیلئے اجتماع کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

سیکریٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگاجو 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔