Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

کشمیر کی آزادی تک حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی،وزیرخارجہ

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی کے چری کوٹ...
شائع 03 اگست 2020 10:54am

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی تک حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی۔

‏کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لائن آف کنٹرول (ایل او سی)چری کوٹ سیکٹر کے دورے پر روانہ ہوگئے،وزیر دفاع پرویز خٹک، معاون خصوصی معید یوسف اور عسکری حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں ۔

وفد لائن آف کنٹرول کے سیکٹر چری کوٹ کا دورہ کرے گا ، جہاں میڈیا نمائندوں کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے شواہد کے حوالے سے آگاہ کریں گے ، جس کے بعد وفد مظفر آباد جائے گا جہاں وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا ۔

روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بارڈر پر جا رہے ہیں ، کشمیری عوام آئے روز بھارتی مظالم اور بلاجواز فائرنگ کا نشانہ بنتے ہیں ، ہم یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی فوج، قیادت اور پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیرخارجہ نے بھارت پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ جبر کے باوجود کشمیریوں نے آپ کے 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے ، کوئی انہیں قبول نہیں کرےگا، حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی تاوقتیکہ ان کے حق رائے دہی کو قبول نہیں کر لیا جاتا۔