Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

لاہور:حکومت پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری...
اپ ڈیٹ 10 اگست 2020 02:12pm

لاہور:حکومت پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بعد لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکا کہنا ہے کہ شادی ہالز کے علاوہ تمام کاروباری مراکز آج سے کھول دیئے گئے ہیں۔

محمد عثمان کا کہنا تھا کہ مذہبی اجتماعات انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہوں گے ،تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق آج سے ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل سکے گی جبکہ کاروبار کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کورونا سے پہلے کے معمول کے مطابق ہوں گی۔

محمد عثمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

حکومت کی اجازت کے بعد آج سے پنجاب بھر میں بازار، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور سنیما وغیرہ کھول دیے جائیں گے۔

کورونا لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار کے مطابق کاروبار چلے گا، ریسٹورنٹس میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیٹھکیں لگیں گی جب کہ سنیما کی اسکرینز بھی جگمگائیں گی۔

ایس او پیز کے تحت پنجاب کے سنیما ہالز میں آنے والوں کو ماسک پہننا ہوگا،گنجائش سے 40 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ تھیٹرز میں بھی شوز ہوں گے لیکن 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازم ہوگا۔

ریسٹورینٹ کے ڈائننگ ہال میں 50 فیصدتک لوگوں کوکھاناکھانےکی اجازت ہوگی، ہر ٹیبل کےدرمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائےگا، پلے ایریاز بند رکھےجائیں گے۔