Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

سنجے دت جان لیوا بیماری میں مبتلا

منا بھائی ایم بی بی ایس، کھل نائیک اور واستوو جیسی شہرہ آفاق...
شائع 12 اگست 2020 09:18am

منا بھائی ایم بی بی ایس، کھل نائیک اور واستوو جیسی شہرہ آفاق فلموں کے اداکار سنجے دت کینسر کے جان لیوا مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

سنجے دت کو علاج کیلئے فوری طور پر امریکا لے جانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انھیں پھپھڑوں کا کینسر لاحق ہے۔ سنجے دت کے انتہائی قریبی دوست نے میڈٰیا کو بتایا کہ ان کے اہلخانہ ان دنوں دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

دوسری جانب سنجے دت نے خود ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ وہ میڈیکل ٹریٹمنٹ کی غرض سے اپنے کام سے کچھ عرصہ کیلئے دوری اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں یہ تو نہیں بتایا کہ انھیں کیا بیماری لاحق ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میرے اہلخانہ اور دوست میرے ساتھ ہیں، میں اپنے تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے کہتا ہوں کہ وہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں، میں بہت جلد ان کے درمیان میں ہونگا۔

انڈین میڈیا کے مطابق سنجے دت کے قریبی دوست نے بتایا ہے کہ وہ اپنی بیماری کے بارے میں پرامید ہیں کہ وہ جلد اس سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ یہ مرض قابل علاج ہے لیکن اس کا فوری طور پر علاج کیا جانا ضروری ہے۔

خیال رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست بروز ہفتہ کو سانس لینے میں تکلیف پر ممبئی لے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ہسپتال میں ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تاہم وہ نیگیٹو آیا تھا۔

سنجے دت نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا تھا میں بالکل ٹھیک ہوں، ڈاکٹروں نے احتیاط کے طور پر مجھے ہسپتال میں رکھا ہے، میرا کووڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا ہے، میں ایک یا 2 دن میں گھر جا سکوں گا، آپ کی نیک خواہشات کا شکریہ۔