قومی اسمبلی میں خاتم النبینﷺ کےحوالےسےمتفقہ قراردادمنظور
قومی اسمبلی میں آج ایک قر ار داد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی جس میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری دستاویزات میں رسول اکرم حضر ت محمدﷺ کا نام حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبینﷺ لکھا جائے۔
قرارداد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے پیش کی گئی۔
ایک اور قرار داد میں ایوان نے سفارش کی کہ 11 اگست 1947کو اقلیتوں سے متعلق بانی پاکستان قائداعظم کے آئینی اسمبلی سے خطاب کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔
قومی اسمبلی نےا نسداد دہشت گردی ترمیمی بل دوہزار بیس بھی منظور کرلیا۔
ایوان نے لمیٹڈ Liability پارٹنر شپ ترمیمی بل ، کمپنیز ترمیمی بل 2020، منشیات سے متعلقہ اشیاء کی روک تھام کا ترمیمی بل2020اور اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری ٹرسٹ بل 2020 بھی منظور کرلئے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کےلئے مزید جامعات قائم کی جارہی ہیں۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اعلی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے پر بھی مرکوز ہے۔
بحری امور کے وزیر علی زیدی نے ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ماہی گیروں کی استعداد کار میں اضافے کےلئے انہیں کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیر اس صنعت کی بہتری کےلئے حال ہی میں اعلان کردہ جہاز رانی پالیسی میں دی گئی مراعات سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماہی پروری کے شعبے کی برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے کےلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مواصلات کے وزیر مراد سعید نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ جلد حقیقت بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال سڑکوں کے بہت سے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹروے اورکراچی چمن کوئٹہ شاہراہ پر تعمیراتی کام رواں سال شروع کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں کے قومی ادارے کی آمدن میں 25 ارب روپے سے 50 ارب روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
ایوان کااجلاس اب غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا گیا۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔