روزویلٹ ہوٹل: قرضوں کی مدمیں ساڑھے10کروڑ ڈالرکی ادائیگی کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سارک کووڈ 19 ہنگامی فنڈز کےلئے 30لاکھ ڈالر فنڈز کی تجویز کی منظوری بھی دی.
شائع 13 اگست 2020 12:11am

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مین ہیٹن نیویارک میں واقع پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کے قرضوں کی مد میں ساڑھے 10 کروڑ ڈالر کے واجبات کی ادائیگی کی اصولی منظوری دےدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا جس میں خزانہ ڈویژن کی طرف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کو منڈی کی سازگار صورتحال کی بنیاد پر پاکستان میں روپے سے منسلک بانڈز کے اجراء کا آغاز کرنے کی تجویز کی منظوری بھی دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کی کامیاب جوان یوتھ Entreneurship اسکیم کے قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دی تاکہ مقررہ معیار پر پورا اترنے والے پاکستان کے تمام شہریوں کی اس اسکیم تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نےبین الصوبائی رابطے کی وزارت کی طرف سے سفر اور سیاحت سے متعلق کاروبار کو لائسنس کی تجدید کےلئے سالانہ فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز کی منظوری بھی دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سارک کووڈ 19 ہنگامی فنڈز کےلئے 30لاکھ ڈالر فنڈز کی تجویز کی منظوری بھی دی. جس کا اعلان اس سال مارچ میں سارک کے رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس میں کیا گیا تھا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے54 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی جو کورونا وائرس کے احتیاطی اقدامات کےمطابق ضابطے کے اصول و ضوابط کی وجہ سے بدستور استعمال نہیں کی گئی جس کا اعلان رواں مالی سال کیا گیا تھا۔