Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

پاک سعودی تعلقات پر احتیاط برتنے کا مشورہ

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب...
شائع 13 اگست 2020 07:04pm

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ کو پاک سعودی تعلقات میں حد سے زیادہ احتیاط برتنی چاہئے تھی۔کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اسلامی برادر ممالک کے تعلقات میں خرابی پیدا کرے۔غلطیوں کی نشاندہی کو بھی مخالف سمجھا جاتا ہے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر وہ اصلاح کیلئے غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں تو اس کو بھی مخالفت اور دشمنی سمجھا جاتا ہے یہ رویہ درست نہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔جس طرح کے تعلقات سعودی عرب کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ خود جا کر خاموشی سے بات کیوں نہیں کی گئی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت تھی جس کے بعد وضاحتیں جاری کرنی پڑیں ۔لاکھوں پاکستانی آج سے نہیں بلکہ مدتوں سے سعودی عرب میں روزگار کما رہے ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ زرمبادلہ وہاں مقیم پاکستانی بھیجتے ہیں۔

چودھری برادران کا مزید کہنا ہے کہ ہر محب وطن پاک سعودی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنائے گا۔کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اسلامی بردار ممالک کے تعلقات میں خرابی پیدا کرے۔ اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div