Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

مسجد میں مبینہ رقص کا معاملہ، صبا قمر اور بلال سعید پر مقدمہ

لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ اور مبینہ رقص کے...
شائع 14 اگست 2020 11:47pm

لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ اور مبینہ رقص کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فرحت منظور نامی وکیل کی درخواست پر تھانہ اکبری گیٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ دفعہ 295 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں بلال سعید کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صبا اور بلال سعید کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دونوں فنکاروں نے لوگوں کے جذبات مجروح ہونے پر معافی مانگی جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے مسجد کے مینیجر کو معطل کردیا گیا تھا۔