سی پیک کے متعدد نئے منصوبوں پر رواں سال کام کا آغازہوگا،مرادسعید
اسلام آباد:وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سی پیک کے متعدد نئے منصوبوں پر اس سال کام کا آغاز ہوگا ،منصوبوں سےپسماندہ علاقوں کوترقی دی جائےگی۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کo سی پیک کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے متعدد نئے منصوبوں پر رواں سال کام کا آغاز ہوگا ، سی پیک پورے علاقے کی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔
مراد سعید نے بتایا کہ سی پیک کے تحت سکھر حیدر آباد 300 کلو میٹر موٹر وے پر ایکنک سے منظوری کے بعد اسی سال کام کا آغاز ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملتان سکھر موٹروے پچھلے سال مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا، اس سال حویلیاں تا تھاکوٹ روٹ بھی مکمل ہو کر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
مراد سعید نے مزید نے بتایا ہے کہ ژوب کچلاک مغربی روٹ پروکیورمینٹ اسٹیج پر ہے، جس پر اس سال کام کا آغاز ہو گا، جبکہ ہوشاب آواران 146 کلومیٹر روڈ بھی پروکیورمینٹ اسٹیج پر ہے، جو 2 سال میں مکمل ہو گا۔
وفاقی وزیرمراد سعید کا کہنا ہے کہ آواران نل 168 کلومیٹر مغربی روٹ پر کام کا آغاز آئندہ سال مارچ 2021ء میں ہو گا، سوات موٹر وے کا دوسرا فیز اسی سال دسمبر میں شروع کیا جائے گا۔
مراد سعید کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیر چترال موٹر وے کی فزیبلیٹی پر بھی کام شروع ہو گیا ہے جبکہ سیالکوٹ کھاریاں راولپنڈی موٹر وے کی فزیبلیٹی کا آغاز ہو چکا ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔