سندھ میں15ستمبر سےقبل تعلیمی اداروں میں اقدامات مکمل کرنےکی ہدایت

کراچی :وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے متعلقہ حکام کو 15 ستمبر سے قبل...
شائع 17 اگست 2020 12:36pm

کراچی :وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے متعلقہ حکام کو 15 ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، سیکرٹری کالجز باقر نقوی اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبے بھر میں تعلیمی نصاب، کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال، نئے تعلیمی سال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

سعید غنی کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ 7 ستمبر کو وفاقی وزیر تعلیم اور تمام صوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس ہو تو ہمارے پاس تمام حوالے سے تیاریاں مکمل ہوں،تمام تعلیمی اداروں کو مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

صوبائی وزیرتعلیم کا مزیدکہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ طلبہ و طالبات کا کرونا وائرس کے باعث جو تعلیمی عمل تعطل کا شکار ہوا اور اس کے باعث جو خلا ان کی تعلیم میں آیا ہے اس کو پورا کیا جائے، تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا حتمی فیصلہ ایس سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، ہمیں اپنی مکمل تیاری15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے پر مرکوز کرنا ہوگی۔

صوبائی وزیرسعید غنی نے 15 ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔