کینجھر جھیل سانحہ، جاں بحق افراد سپرد خاک

کینجھر جھیل سانحے میں جاں بحق خواتین اور بچوں کو کراچی کے چنسر...
شائع 18 اگست 2020 11:06pm

کینجھر جھیل سانحے میں جاں بحق خواتین اور بچوں کو کراچی کے چنسر گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔دوسری جانب اتنے بڑے سانحے کے باوجود ٹھٹھہ کی ضلعی انتظامیہ نے کینجھر جھیل میں کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے جھیل کے انچارج نے بھی ملبہ کشی کے ناخدا پر ڈال دیا۔

کینجھر جھیل سانحے میں جاں بحق آٹھ خواتین اور دو بچوں کی نماز جنازہ چنسر گوٹھ میں ادا کی گئی ،عزیزواقارب ،علاقہ مکینوں سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر سعید غنی سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے متوفین کے لواحقین سے ملاقات کی اور دکھ کا اظہار کیا۔

دوسری جانب کینجھر جھیل میں آج بھی لوگ نہاتے رہے اور گاڑیاں دھوتے رہے ، ضلعی انتظامیہ نے جھیل پر کسی نوعیت کے انتظامات نہیں کیے صرف بوٹ سروس عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔ کینجھر جھیل کے انچارج مخدوم گلزار نے سانحے کا ملبہ کشتی والے اور مسافروں پر ڈال دیا ، کہتے ہیں مسافروں کو بھی شکار والی کشتی میں نہیں بیٹھنا چاہیے تھا۔

واضح رہے کینجھر جھیل سے ہی کراچی کو پینے کے لیے پانی سپلائی کیا جاتا ہے ، یہاں کی انتظامیہ آمدنی کے ذرائع بند کرنے کے لیے تیار نہیں اسی لیے سانحات جنم لیتے رہتے ہیں۔