صدرٹرمپ کاسعودی فرماں روا سے ٹیلیفونک رابطہ

ٹرمپ نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتےہوئے شاہ سلمان کی قیادت کو سراہا۔
اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2020 11:24pm

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز کو دعوت دی ہے کہ مسائل کے حل کےلئے دیگر خلیجی ممالک سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

وائٹ ہاوس کے نائب ترجمان جڈ ڈئیر نے تحریری بیان میں بتایا کہ صدر ٹرمپ نے سعودی شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں سعودی عرب کی جی ٹوئنٹی تنظیم کی قیادت بخوبی نبھانے پر تعریف کرتےہوئے امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ ہفتے تل ابیب سے ابو ظہبی جانے والی پرواز کےلئے سعودی عرب کااپنی فضائی حدود کا کھولنا ایک اچھا فیصلہ تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور عرب امارات کے درمیان ابراہام معاہدے سے علاقائی سلامتی و خوش حالی میں اضافہ ہوگا اور میں نے سعودی فرماں روا سے امید کی ہے کہ وہ علاقائی مسائل کے حل میں دیگر خلیجی ملکوں سے بھی روابط بڑھائیں۔

ٹرمپ نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتےہوئے شاہ سلمان کی قیادت کو سراہا۔