Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس :راناثناء اللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ...
شائع 15 اکتوبر 2020 11:26am

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناءاللہ اور کیپٹن صفدر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 17 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے مریم نواز کی نیب آفس پیشی پر ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کی۔

لیگی رہنماء رانا ثنا ءاللہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ کیپٹن صفدر کی حاضری معافی کی درخواست دی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔

حاضری مکمل کرنے کے بعد عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 17اکتوبر تک توسیع کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 16اکتوبر کو ہونے والاپی ڈی ایم کا گوجرانوالہ جلسہ عوامی رائے کا مظہر ہوگا، پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت سے روکنے کے حکومتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے، اس سے تحریکیں زور پکڑتی ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دو سال سے ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، اقتدار میں بیٹھے ٹولے کی پالیسی انتقام لینا اور نیب کو اپوزیشن کیخلاف استعمال کرنا ہے، ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرو، اگر ووٹ کو عزت دی تو ملک جلدی ترقی کرے گا۔