'تمام جماعتیں آئین پاکستان کے سائے تلے متحد کھڑی ہیں'
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں غربت اور بے روزگاری سے معاشرتی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں ،اس سب کی وجہ ایک نالائق اور نااہل حکومت ہے۔ہم پر ایک ایسا اناڑی مسلط کر دیا گیا جس نے یونین کونسل بھی نہیں چلائی۔ملک کو آئین سے ہٹا کر جبر کے راستے پر ڈال دیا ہے۔یہ ملک کو ون پارٹی اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں۔
حیدرآباد میں میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے جو تحریک شروع کر رکھی ہے۔اس کے لئے ن لیگ کے تنظیمی ڈھانچے کو منظم کررہے ہیں سانگھڑ،میرپور خاص سمیت دیگر شہروں میں تنظیمی جائزہ لینے آیا ہوں۔پاکستان کو تین فیصد سے پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد ترقی پر نواز شریف نے پہنچایا۔مہنگائی سے پاکستان کی معیشت تباہ ہو رہی ہے غربت اور بیروزگاری نے نئے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ سوشل اور اکنامک مسائل جنم لے رہے ہیں ان مسائل کی وجہ نااہل حکمران ہیں اس حکومت نے ملک کو پٹڑی سے ہٹا دیا ہے۔
انہوں نے کہا پی ڈی ایم میں تمام جماعتیں ملک کو جمہوری انداز میں چلانے کے لئے جدوجہد کررہی ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز بننے کے لئے جدودجہد کررہے ہیں۔حکومت کشمیر کی سودا گر ہے، 72 سال میں بھارت کی ہمت نہیں تھی کہ کشمیر پر میلی آنکھ بھی اٹھا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور دھماکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت امن و امان کی صورتحال میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔ ایک دن میں کئی لاشیں ہمیں دیکھنےکو ملیں۔حکومت کا فوکس اپوزیشن پر جعلی مقدمات بنانا ہے۔جب سیکیورٹی اداروں سے سیاسی کام لےکر مخالفین کے پیچھے لگایا جائے گاتو دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ ملے گی۔عمران نیازی سیاست میں انتشار پھیلاکر پورے ملک کو کمزور کررہا ہے۔تمام جماعتیں آئین پاکستان کے سائے تلے متحد کھڑی ہیں۔ پی ڈی ایم اس حکومت کو گھر بھیج کر اک حقیقی جمہوری حکومت لائے گی تاکہ دنیا کے سامنے ملک کا نقشہ اچھا دکھایا جاسکے۔
احسن اقبال نےکہاحکومت صبح شام کہتی ہےکہ ساری اپوزیشن انڈیا کی ایجنٹ ہے یہ ملک کے ساتھ غداری ہے کہ ملک کی حب وطن جماعتوں کو دوسرے ملک کا ایجنٹ قرار دیں۔جس جماعت نے پاکستان بنایا ہے اسے عمران خان کا سرٹیفکیٹ نہیں چاہیئے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔