"حالیہ بم دھماکوں کی ذمہ دار حکومت ہے"

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا ہے کہ حالیہ بم دھماکوں کی ذمہ دار...
شائع 28 اکتوبر 2020 11:20pm

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا ہے کہ حالیہ بم دھماکوں کی ذمہ دار حکومت ہے اگر ایسا کوئی واقعہ پی ڈی ایم جلسے میں ہوا تو ایف آئی آر حکومت کے خلاف درج کرائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اداروں کا کام دہشتگردوں کا تعاقب کرنا اور پکڑنا ہے ان کا کام سیاستدانوں کو گرفتار کرنا نہیں ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری - فائل فوٹو
مولانا عبدالغفور حیدری - فائل فوٹو

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ جلسہ سے قبل حکومت اور ادارے کہہ رہے تھے کہ کوئٹہ جلسہ نہیں ہونا چاہیئے، حکومت اور ادارے دہشتگردوں کا حلیہ تک بتا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور بم دھماکے کی ایف آئی آر شیخ رشید کے خلاف درج ہونی چاہیئے کیونکہ ایسی خبریں وہ دیتے ہیں۔

انہوں نے حالیہ دھماکوں کی ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پی ڈی ایم کے جلسے میں ہوا تو ایف آئی آر حکومت کے خلاف کریں گے۔

سینیٹر عطاء الرحمان - فائل فوٹو
سینیٹر عطاء الرحمان - فائل فوٹو

جمعیت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر عطاء الرحمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم جلسے کیلئے 22 نومبر کی تاریخ دی گئی ہے جو ایک بڑا جلسہ ہوگا۔ ہم کسی طرح کے حربوں سے پی ڈی ایم کے جلسوں کو ملتوی نہیں کریں گے۔ 2 نومبر کو پی ڈی ایم کی قیادت کو مشاورت کیلئے پشاور بلایا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور امریکہ کا چین کے خلاف سیٹلائٹ معاہدہ خطرے کی علامت ہے، پاکستان چین کے ساتھ کھڑا ہے یا امریکہ کے ساتھ پوزیشن واضح کی جائے۔