وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کردیا

اٹک:وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح...
شائع 06 نومبر 2020 01:10pm

اٹک:وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کردیااور سکھ یاتریوں کیلئے تیارکی گئی ٹرین کا معائنہ بھی کیا۔

حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختوخوا شاہ فرمان، وزیرریلوے شیخ رشید اور ملک امین اسلم بھی عمران خان کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم کوحسن ابدال ریلوےاسٹیشن پرمختلف سہولتوں سےمتعلق بریفنگ دی گئی جبکہ عمران خان نے سکھ یاتریوں کیلئے تیارکی گئی ٹرین کامعائنہ بھی کیا۔

ریلوےاسٹیشن اپ گریڈیشن منصوبہ سیاحت کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے، حسن ابدال ریلوےاسٹیشن کواپ گریڈکرکےمزیدبہترسہولتیں دی گئی ہیں ، ریلوےاسٹیشن پرسکھ یاتریوں کوبھی بہترین سہولتیں میسرہوں گی۔

خیال رہے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کو 300 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیاگیا ہے، یہ اسٹیشن 2 فلورز پر مشتمل ہے، جن میں گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور شامل ہیں اور اس کا کَورڈ ایریا 24 ہزار 502 مربع فٹ ہے۔

ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت کیلئے صاف اور ٹھنڈے پانی کے پلانٹ لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ ویٹنگ ایریا کے ساتھ کیٹین/کیفے بھی تعمیر کیاگیا ہے۔

حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ایک نیا ٹیوب ویل بھی لگایا گیا ہے۔

ریلوے اسٹیشن کی 1 لاکھ ایک ہزار 610 مربع فٹ پر مشتمل باﺅنڈری کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے300 کے وی کا ایک جنریٹر بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ بجلی کی روانی میں کوئی خلل نہ پڑے۔