غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس:نواز شریف اشتہاری قرار، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
لاہور:احتساب عدالت نے غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نوازشریف کو اشتہاری قراردیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئےاور سابق وزیراعظم کی جائیداد قرق کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس سے متعلق سماعت کی ۔
عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کو عدالتی اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور سابق وزیراعظم کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت نے نیب اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ سماعت پر جائیداد قرق کرنے کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
عدالت نے کہاکہ نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات جاری کئے گئے اورملزم نواز شریف کی عدم پیشی سے متعلق رپورٹ اور طلبی کے اشتہارات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔
نیب اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نواز شریف کے اشتہارات جاری ہوئے 30 روز مکمل ہو چکے ہیں ملزم کو عدالتی مفرور قرار دیا جائے۔
بعدازاں احتساب عدالت لاہور نےغیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔
نیب ریفرنس میں نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد سمیت دیگر کو گنہگار قرار دیا گیا ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔