مزار قائد کی بے حرمتی اور آئی جی سندھ کے تحفظات:فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل

راولپنڈی :مزار قائد کی بے حرمتی اور آئی جی سندھ کے تحفظات کے...
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2020 03:55pm

راولپنڈی :مزار قائد کی بے حرمتی اور آئی جی سندھ کے تحفظات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی،سیکٹرہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی اور رینجرز سندھ کے افسران دار قراردے دیئے گئے جنہیں ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ، ان کیخلاف مزید کارروائی جی ایچ کیو میں ہو گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی جی سندھ کے تحفظات کے معاملے پر فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہو گئی، واقعے کی انکوائری آرمی چیف کے حکم پرکی گئی۔

کورٹ آف انکوائری کی تحقیقات کے مطابق 18اور 19کی درمیانی شب کا ہے، سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی اور رینجرز سندھ کے آفیسرز مزار قائد کی بے حرمتی کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے، بر وقت قانونی کارروائی کیلئے شدید عوامی دباؤ تھا ، افسران نے اپنی دانست میں سندھ پولیس کے طرز عمل کو ناکافی اور سُست روی کا شکار پایا اور آفیسرز نے جذباتی ردِ عمل کا مظاہرہ کیا ۔

کورٹ آف انکوائری کے مطابق افسران کو ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے والی صورتحال سے گریز کرنا چاہیئے تھا۔

کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ آفیسرز کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے، مزید کارروائی جی ایچ کیو میں عمل میں لائی جائے گی۔