Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

سندھ ہائیکورٹ کا لڑکی آرزو فاطمہ کو دارالامان منتقل کرنے کا حکم

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے اسلام قبول کرکے پسند کی شادی کرنے والی...
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2020 01:11pm

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے اسلام قبول کرکے پسند کی شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کیس نمٹا دیا ، عدالت نے لڑکی کو دارالامان منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام قبول کرکے پسند کی شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی ،سماعت کے موقع پر آرزو فاطمہ اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت میں آرزو کے وکیل کا کہنا تھا کہ آرزو فاطمہ درخواست دائر کرنا چاہتی ہیں ،دارالامان انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی جبکہ پولیس نےاپنی رپورٹ پیش کی۔

پراسیکیوٹر کا کہناتھا کہ یہ اغوا ءکا کیس نہیں کم عمری شادی کا کیس ہے، نکاح کرانے والے قاضی نے ضمانت حاصل کرلی ، دیگر نامزد ملزمان نے بھی ضمانت حاصل کرلی، 2ملزمان مفرور ہیں ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے انہیں گرفتار کرنے کیلئے کیا کوشش کی ؟ آپ کی ذمہ داری ہے مفرور ملزمان کو گرفتار کریں ۔

آرزو کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمہ کا چالان ماتحت عدالت میں پیش کردیا گیا ، جس پر جسٹس کے کے آغا کا کہنا تھا کہ آپ خاموش رہیں آپ وکیل نہیں ہیں اس کیس میں ۔

وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے اسلامی قوانین کے تحت فیصلہ ہونا چاہیئے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ توہین عدالت کررہے ہیں مزید بولنے کی کوشش کی تو کاروائی ہوگی، آپ ہمیں ہدایت مت دیں ہمیں معلوم ہے کیسے کیس چلے گا ۔

عدالت نے آرزو سے استفسار کیا کہ آپ والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہیں ؟ آرزو فاطمہ نے ایک بار پھر والدین کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ۔

آروز کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس کا فیصلہ اسلامی قوانین کے تحت کیا جائے، اگر عائلی قوانین اور اسلامی قوانین کا معاملہ آجائے تو اسلامی قوانین کو فوقیت ہوگی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کردیا ہے آپ چاہیں تو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیں۔

عدالت نے آرزو فاطمہ کو دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ آرزو کی تعلیم اور دیگر سہولیات کا انتظام کرنے کی ہدایت کردی۔

سند ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ آرزو کی کونسلنگ کا اہتمام کرے ، روزانہ محکمہ داخلہ کی جانب سے کوئی نمائندہ ایک گھنٹہ آرزو سے ملاقات کرے ۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div