بھارتی اقدامات سے کشمیری اپنی سیاسی اور سماجی پہچان کھورہےہیں،وزیرخارجہ
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے امن و سلامتی کو خطرات درپیش ہیں، بھارتی اقدامات سے کشمیری اپنی سیاسی اورسماجی پہچان کھو رہے ہیں ،سلامتی کونسل متنازعہ مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے اور اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھے ،جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے خط میں بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر آبادیاتی تبدیلیاں کر رہا ہے ،جان بوجھ کر اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، بھارتی فورسز انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہے، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کے برخلاف غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے۔
وزیرخارجہ کا مزیدکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے امن و سلامتی کو خطرات درپیش ہیں، بھارت کے غاصبانہ اقدامات سے کشمیری اپنی سیاسی اورسماجی پہچان کھو رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئےایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے،بھارت رواں برس2700مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، 25 شہری شہید اور 200زخمی ہو چکے ہیں۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر اور قراردادوں کے تحت سلامتی کونسل کی کچھ اہم ذمہ داریاں ہیں،بھارت کو مجرمانہ نوآبادیاتی منصوبے سے روکنا بھی سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے،کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیا وعدہ پورا کر کے استصواب رائے کرائے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل سے متنازعہ مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوانے کا مطالبہ بھی کیا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔