سینیٹرشبلی فراز نےسی پیک کیخلاف غیرملکی پروپیگنڈا مسترد کر دیا
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سی پیک کیخلاف غیرملکی پروپیگنڈا مسترد کر دیا ۔
اسلام آباد میں سی پیک چیلنجز، مواقع کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کیلئے مشترکہ مستقبل کا عکاس ہے، سی پیک میں زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں کو بھی شامل کیا، معیشت کی بہتری کیلئے سی پیک منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ توانائی اور دیگر منصوبوں پر اکنامک زون سے بہت فائدہ ہوگا، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کے ذریعے پاکستان خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا، سی پیک کخلاوف غیرملکی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں،منفی پروپیگنڈے کا مقصد منصوبے کی اہمیت کو کم کرنا ہے۔
مستقبل کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں ٹیکنالوجی کو ترقی دینا ہوگی،فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ سی پیک سے ہمارا مستقبل جڑا ہوا ہے،مستقبل کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں ٹیکنالوجی کو ترقی دینا ہوگی،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ایگر یکلچر کے شعبوں کو بھی سی پیک میں شامل کیا گیا ہے ۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جب کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تو پاکستان تمام حفاظتی سامان درآمد کر رہا تھا، آج پاکستان میں ماسک ، سینٹائزر اور چشموں کے علاوہ دیگر حفاظتی سامان وافر مقدار میں تیار ہورہا ہے، اپنی ضرورت پوری کرنے کیساتھ ساتھ دنیا کو حفاظتی سامان برآمد بھی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میڈیکل آلات دنیا ہم سے کم قیمت میں خرید کر مہنگے داموں بیچ رہے ہیں،چائینہ کی مدد سے ہم دیگر صنعتوں کیساتھ اپنی اس صنعت کو فروغ دے سکتے ہیں، آئندہ پندرہ سال بعد بجلی کمپنیوں کو ریفریجریٹر اور مائیکرویو مفت دینا پڑیں گے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔