ام رباب اہل خانہ قتل کیس: مفرور ملزم مرتضی چانڈیو کو گرفتار کرنے کا حکم

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ام رباب کے اہل خانہ کے قتل میں ملوث...
شائع 27 نومبر 2020 01:02pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ام رباب کے اہل خانہ کے قتل میں ملوث دوسرے مفرور ملزم مرتضی چانڈیو کو گرفتار کرنے کا حکم د ے دیا، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ سندھ پولیس 2مفروروں کو بھی گرفتار نہیں کر سکتی؟ ۔

سپریم کورٹ میں سندھ کے علاقے میہڑ میں تہرے قتل کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالتی حکم پر آئی جی سندھ مشتاق مہر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم ذوالفقار چانڈیو کو گرفتار کر لیا ہے، غلام مرتضی چانڈیو کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ پولیس دو مفروروں کو بھی گرفتار نہیں کر سکتی؟ جس پر ام رباب چانڈیو نے مؤقف اپنایا کہ سندھ کے موجودہ ایم پی اے ملزمان کی مدد کر رہے ہیں، ملزم کو ڈیل کے تحت پولیس کے حوالے کیا گیا ہے، عدالت جاتی ہوں تو جاگیردار اور وڈیرے میرا راستہ روکتے ہیں، ان سے مجھے جان کا خطرہ ہے۔

آئی جی سندھ نے ام رباب کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے کا مؤقف اپنایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کے ساتھ کچھ ہوا تو آئی جی سندھ کو بلا لیں گے۔

وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ کیس کی سماعت کراچی میں ہونی چاہیئے،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے کراچی میں ویڈیو لنک کی سہولت دے رکھی ہے۔

عدالت نے اشتہاری ملزم غلام مرتضی چانڈیو کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدر آباد سے 4 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔