Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

مکمل لاک ڈاؤن کےنعرےمارنے والےکورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے لوٹی ہوئی رقم کو واپس لانے کے...
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2020 03:44pm

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے معیشت سے متعلق تازہ اعدادوشمار کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا سے زندگیاں بچانا پہلی اور معیشت کو اوپر اٹھانا دوسری ترجیح ہے،مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی، جس میں سیاسی، معاشی اور پارلیمانی امور سمیت قانونی اور آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورت حال میں حالیہ بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے زندگیاں بچانا پہلی اور معیشت کو اوپر اٹھانا دوسری ترجیح ہے، مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، معاشی بہتری اور کورونا سے بچاو کیلئے حکومتی کوششوں کو ریورس نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا لوٹی ہوئی رقم کو واپس لانے کے عزم کا اظہار

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر محمد حماد اظہر، مشیرِ خزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی وقارمسعود بھی موجود تھے۔

ملاقات میں منی لانڈرنگ کی روک تھام ، لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے اقدامات اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی ان ملکوں میں پسماندگی اورغربت کی بنیادی وجہ ہے ،لوٹی ہوئی رقم کی ملک میں واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کی ملاقات

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے بھی ملاقات کی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے وزیراعظم کو پورٹس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا،ملاقات میں کراچی کی صورتحال اورماہی گیروں کو آسان ترین شرائط پر قرضے دینے پر تبالہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے ماہی گیروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div