پٹھان کوٹ حملہ: پاکستانی تحقیقاتی ٹیم عینی شاہدین کے بیان ریکارڈ کر رہی ہے

شائع 31 مارچ 2016 02:35pm

pathan-kot

نئی دہلی:پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ حملے کے عینی شاہدین کے بیانات آج سے ریکارڈ کررہی ہے۔ بھارتی نیشنل ایجنسی کے افسران کا دورہ پاکستان بھی جلد متوقع ہے ، جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت مولانا مسعود اظہر کے خلاف تاحال ٹھوس ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم چار روز سے بھارت میں پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سربراہ شرد کمار کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو کچھ رپورٹس اور حملے میں ہلاک چار دہشت گردوں کے نام دے دیے ہیں تا کہ تصدیق کا مرحلہ مکمل ہو سکے، بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ ائیر بیس پر مارے گئے دہشتگردوں کے نام ناصر حسین،حافظ ابوبکر،عمر فاروق اور عبدالقیوم ہیں اور مبینہ طور پر ان کا تعلق پاکستان کے علاقوں وہاڑی، گوجرانوالہ، سانگھڑ اور سکھر سے بتایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت تاحال پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے خلاف حملے میں ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی بھی ٹھوس ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے۔پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کل دورہ مکمل کر کے دو اپریل کو وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے۔