Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

الیکشن کمیشن آئین سےنہیں کہیں اور سے ہدایات لے رہا ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پنجاب ،سندھ...
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2021 04:19pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پنجاب ،سندھ اوربلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول طلب کرلیا،بلدیاتی انتخابات نہ کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خیبرپختونخوا کو کے پی کہنے پر چیف الیکشن کمشنر کو جھاڑ پلا دی، ریمارکس دئیے کہ لگتا ہے جمہوریت اب ترجیح ہی نہیں رہی، الیکشن کمیشن آئین سے نہیں کہیں اور سے ہدایات لے رہا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے2رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی،چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان اوراٹارنی جنرل خالد جاوید خان پیش ہوئے۔

جسٹس قاضی قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جارہے؟،عوام کو جمہوریت سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے؟، بلدیاتی انتخابات نہ کرا کرسپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہورہی ہے،کیا چیف الیکشن کمشنراورممبران نے اپنا حلف نہیں دیکھا؟ ،کیا چیف الیکشن کمشنر نے آئین نہیں پڑھا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ جمہوریت ہی اولین ترجیح ہے ، چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی تحلیل غیرآئینی قراردے دی۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی حکومتوں کو تحلیل کردیا تھا جو کہ غیرقانونی اقدام تھا ۔

جسٹس فائزعیسی نے کارروائی سے متعلق پوچھاتوچیف کمشنر نے بتایاکہ پنجاب حکومت نے نیا بلدیاتی قانون بنا لیا ہے ۔ جسٹس فائزعیسی نے ریمارکس دیئے کہ آئین پرعمل نہیں کروا سکتے تو صاف بتا دیں الیکشن کمیشن بتائے کب لوکل باڈی الیکشن کرانے ہیں ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خیبرپختونخوا کو کے پی کہنے پر چیف الیکشن کمشنر کو جھاڑ پلا تے ہوئے کہ لگتا ہے جمہوریت اب ترجیح ہی نہیں رہی، الیکشن کمیشن آئین سے نہیں کہیں اور سے ہدایات لے رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنرنے بتایاکہ خیبرپختونخوا میں 8 اپریل کو بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے دیگر صوبوں کی تاریخیں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن نہیں کروا سکتے تو مستعفی ہوجائیں، قوم پربہت ظلم ہوُچکا، مزید نہیں ہونا چاہیئے، آپ آئین نہیں کسی اورکے تابع لگتے ہیں،جمہوریت نہ ہونے کی وجہ سے ہی ملک برباد ہوا چیف الیکشن کمشنرکا نام آئین میں موجود ہے اپنی طاقت پہچانیں۔

جسٹس مقبول باقرنے کہاکہ ملک میں خطرناک صورتحال ہے، قدرت نے موقع دیا ہے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پنجاب ،سندھ ،بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول طلب کرلیا۔

Supreme Court

اسلام آباد

by election

Justice Qazi Faez Isa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div