Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

سندھ میں سمندری طوفان اور موسلا دھار بارش کے امکانات کم ہوگئے

کراچی: سندھ میں سمندری طوفان اور موسلا دھار بارش کے امکانات کم...
شائع 01 اکتوبر 2021 10:49am

کراچی: سندھ میں سمندری طوفان اور موسلا دھار بارش کے امکانات کم ہوگئے اور بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈپریشن سندھ سے دور ہونے لگا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ شہر میں شدید بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں، شہر آج میں کہیں کہیں معتدل اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔

سردارسرفراز نے بتایا کہ ڈیپ ڈپریشن سندھ کے ساحلی علاقوں سے وقت کے ساتھ ساتھ دور ہو رہا ہے، کل تک سندھ میں بارش کا امکان ختم ہوجائے گا، شہر میں اربن فلڈنگ کے امکانات بھی کم ہوگئے۔

البتہ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تاحال شدید بارشوں کا امکان موجود ہے، ڈیپ ڈپریشن جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کراچی میں رات بھر بارش ہوتی رہی

کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش جاری رہی۔

سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 24 ملی میٹر ، فیصل بیس پر 20 ، مسرور بیس پر 19، ڈیفنس میں 17، گلشن حدید میں 16 ملی میٹر اور نارتھ کراچی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ شب محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کیا تھا جس میں کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آئندہ چند گھنٹے کے دوران طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

کیٹی بندر کی ساحلی پٹی پر طوفانی ہوائيں چلنے کے بعد ماہی گیروں نے کشتیاں ساحل پر کھڑی کر دی تھیں۔

خراب موسم کی پیش گوئی کے بعد کراچی کے سمندر میں نہانے پر بھی 5اکتوبر تک پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ آج شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے، جامعہ کراچی میں امتحانات ملتوی ہوگئے ہیں اور شہر میں ممکنہ تیز بارش کے پیش نظر اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے اہل کار کشتیوں کے ساتھ موجود ہیں۔

تاہم اب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ میں موسلا دھار بارشوں کا امکان کم ہوگیا ہے۔

karachi

sindh

Heavy rain

sea storm

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div