محسن انسانیت ڈاکٹر عبدالقدیرخان سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

وطن عزیزکو ناقابل تسخیر بنانے والے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر...
شائع 10 اکتوبر 2021 05:38pm

وطن عزیزکو ناقابل تسخیر بنانے والے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین پورے سرکاری اعزاز کےساتھ ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں کردی گئی۔ موسلادھار بارش کے باوجود قائم مقام صدر ،وفاقی وزراء، عسکری حکام، اراکین پارلیمنٹ سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان دل،گردوں اور شوگر کے مریض میں مبتلا تھے۔رات طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم نماز فجر کے وقت وہ اپنے خالق حقیقی سےجاملے جس کے بعد ان کی میت کو پاکستان اٹامک انرجی اسپتال لےجایاگیا۔جہاں میت کو غسل دیا گیااورکفن کے انتظامات کیے گے۔پھر میت کو ایمبولینس کے ذریعے گھر لایا گیا۔

نماز جنازہ کےلئے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی میت فیصل مسجد لائی گئی،نماز جنازہ میں قائم مقام صدر صادق سنجرانی، وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، سیاسی و سماجی شخصیت سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بارش کے باوجود شہریوں نے محسن انسانیت کی نماز جنازہ میں بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین کےلئے پہلے ان کی وصیت کے مطابق وزیراعظم کے حکم پر قبر تیار کی گئی تاہم پھر اہلخانہ کے کہنے پر ایچ ایٹ قبرستان میں تدفین کی گئی۔ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی تدفین ریاستی سرپرستی میں کی گئی۔جسد خاکی کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔جبکہ قومی پرچم سوگ میں سرنگوں ہیں۔صدر ملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے قبر پر گلدستے رکھے گئے۔