بلدیاتی الیکشن، صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن آمنے سامنے
بلدیاتی الیکشن کے مراحل کے معاملے پر صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن آمنے سامنے آگئے ۔پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں الیکشن کا انعقاد ہوگا ۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا ہے کہ تحصیل ، ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز میں ایک روز الیکشن ہو گا جبکہ صوبائی حکومت نے پہلے مرحلے میں ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے الیکشن کرانے کا نوٹیفیکشن کیا تھا ۔
صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخوا شریف اللہ نے پشاور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں دو مرحلوں میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 19 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن منعقد ہوں گے۔63 تحصیل ، 1936 ویلج اور 423 نیبر ہوڈ کونسلز میں ٹانک ، ڈی آئی خان، کرک ، بنوں ، ہنگو، پشاور ، چارسدہ، نوشہرہ ، خیبر، مہمند ، ہری پور ، کوہاٹ ، مردان میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات 16 جنوری کو ہوں گے ۔
الیکشن کمیشنر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ایک ہی وقت میں نیبرہڈ اور تحصیل کونسل میں انتخابات ہوجائیں تاکہ وقت اور وسائل کی بچت ہو سکے۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے اب اس پر عمل کرنا صوبائی حکومت پر منحصر ہے۔
ای سی پی کا وفاقی وزیر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اعظم سواتی 26 اکتوبر کو پیش ہوکر شوکاز کا جواب دیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں بروز جمعرات 21 اکتوبر کو اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر ممبر نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
اس موقع پر اعظم سواتی کے وکیل کی جگہ ان کے جونیئر وکیل کمیشن میں پیش ہوئے۔ کمیشن کے سامنے جونیر وکیل کا کہنا تھا کہ وکیل چوہدری فیصل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے وہ آج الیکشن کمیشن میں نہیں آسکے۔
ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے استفسار کیا کہ آپ نے سینیر وکیل سے کیس پر بریفنگ نہیں لی؟
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ وکالت نامہ دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے بینچ نے اعظم سواتی کی غیر حاضری سے متعلق بھی استفسار کیا۔
الیکشن کمیشن نے جونیر وکیل کی مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس اور 26 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔