این اے 133، ضمنی الیکشن ، پی ٹی آئی رہنماوں کی اپیل مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے این اے ایک سو تینتیس کے ضمنی انتخابات کیلئے...
شائع 16 نومبر 2021 11:44pm

لاہور ہائیکورٹ نے این اے ایک سو تینتیس کے ضمنی انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے رہنما جمشید چیمہ اور انکی اہلیہ مسرت جمشید کی درخواست مسترد کردی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید چیمہ اور مسرت جمشید نے ریٹرننگ افسر اور ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

جسٹس جواد حسن اور جسٹس مزمل اختر پر مشتمل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن اور نون لیگ کی امیدوار شائستہ پرویز کے وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی اور قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ووٹر سرٹیفیکیٹ پر حلقے کا نمبر نہیں لکھا ہوتا، میڈیا سے علم ہوا ہمارا تجویز کنندہ اس حلقے سے نہیں۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹیں ناقص ہیں، ایک حلقہ کے ووٹوں کو دوسرے حلقہ میں شامل کر لیا گیا، علم ہونے پر ریٹرننگ افسر کو متبادل پیش کرنے کی اجازت مانگی، یہ درخواست مقررہ وقت سے پہلے دی تھی۔

تاہم جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر اور ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔