Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

توقع ہے مسئلہ کشمیر کو بات چیت سے حل کرلیں گے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا تنازع...
شائع 08 فروری 2022 02:31pm

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مسئلہ ہے اور ہم تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں جبکہ توقع ہے اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرلیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی میڈیا کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر امتحان میں پورے اترے ہیں، پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی خطے کے استحکام کی ضمانت ہے،سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اورسی پیک کا پہلا منصوبہ مواصلاتی رابطوں میں بہتری اور توانائی منصوبوں پر مشتمل تھا، اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مسئلہ ہے اور ہم تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں، توقع ہے کہ جلد یابدیر ہم اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرلیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان اس بات پر متفق ہیں کہ افغان عوام تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، دونوں ممالک میں اتفاق ہےکہ اقوام عالم کی اولین ترجیح افغان عوام ہونی چاہیے، افغانستان کے عوام نے گزشتہ 40 سال تک بدامنی کا سامنا کیا لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان میں امن کو ایک موقع ملا ہے، افغانستان کو ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے، اس کا زیادہ تر انحصار غیر ملکی امداد پر ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی امداد کے منجمد ہونے سے افغان حکومت کو بحران کا سامنا ہے ،افغانستان میں طالبان حکومت سے قطع نظر سب کو افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے کیونکہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی آبادی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے غذائی تحفظ ضروری ہے، زراعت، صنعت، آئی ٹی پر توجہ دی جائے گی، پاکستان دنیا کے ان پہلے تین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے کورونا چیلنج سے موثر طریقے سے نمٹا ، چین نے کورونا کے دوران پاکستان کی مدد کی، ویکسین فراہم کی جب کہ کورونا کے دوران ہم نے چین کے تجربات سے بھی سیکھا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، دنیا کو ایک ایسے ماحول میں نہیں جانا چاہیے جہاں وہ دو حصوں میں تقسیم ہوجائے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان 70کی دہائی کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے جب اس نے امریکا اور چین کو ایک دوسرے کے قریب لایا، امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کا چین کا دورہ پاکستان کی کوششوں سے ہوا۔

pm imran khan

اسلام آباد

pm interview

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div