Aaj News

ہفتہ, دسمبر 07, 2024  
04 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق صدرپاکستان رفیق تارڑ انتقال کرگئے

لاہور: سابق صدرپاکستان رفیق تارڑ 92 ربرس کی عمر میں انتقال ...
شائع 07 مارچ 2022 11:59am

لاہور: سابق صدرپاکستان رفیق تارڑ 92 ربرس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ رضائے الہی سے انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھےاور ان کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءعطاتارڑنےاپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق صدررفیق تارڑکی موت کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ میرے دادا رفیق تارڑ انتقال کر گئے۔

محمد رفیق تارڑ 2 نومبر 1929 کو پیر کوٹ میں پیدا ہوئے، رفیق تارڑ1989 سے 1991 تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے، وہ 1991 سے 1994 تک سپریم کورٹ کے جج رہے۔

رفیق تارڑ یکم جنوری 1998 سے 20 جون 2001 تک صدرِ پاکستان کے منصب پر فائز رہے، وہ پاکستان کے 9 ویں صدر تھے۔

محمد رفیق تارڑ 1997 میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ 1998 کے آغاز میں انہیں صدرِ پاکستان منتخب کیا گیا۔

1999 میں جنرل پرویز مشرف کی طرف سے میاں نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور اس طرح وہ 2001 تک صدر رہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے لئے وہ ایک قابل احترام بزرگ کا درجہ رکھتے تھے جنہوں نے ہر مرحلے پر نہ صرف ہماری مخلصانہ راہنمائی فرمائی بلکہ اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار اد ا کیا۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے، ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی،اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔آمین

lahore

Deaths