Aaj News

عمران خان کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں، وہ نازی تھا یہ نیازی ہے: شہباز شریف

پوری قوم کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں امید کرتے ہیں کہ عدالت اس کیس میں جلد فیصلہ دے گی، صدر مسلم لیگ (ن)
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2022 03:23pm

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں، وہ نازی تھا یہ نیازی ہے، جو نازی نے جرمنی میں کیا تھا وہ نیازی نے پاکستان میں کیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں امید کرتے ہیں کہ عدالت اس کیس میں جلد فیصلہ دے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو جو معاشی نقصان ہو رہا ہے اس سے بچانا ہے، عمران خان کی معاشی تباہیاں اور بربادیاں بہت ہو گئی ہیں، آج پاکستان دہائیوں پیچھے جا چکا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عمران خان نے 3 اپریل کو آئین کو توڑا، جس طرح ان پر بغاوت اور غداری کے الزامات لگائے گئے، پہلے بھی کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے فیصلے عوام میں لائے جائیں، معاشرے میں بہت زہر گھولا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان جھوٹا اور ایبسلوٹلی فراڈ ہے، آج پاکستان کو بچانا ہے تو آئین کی بالادستی کرنی ہوگی، جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کا مشکور ہوں، 199 ووٹ حمزہ شہباز کو کل ملے ہیں، کل حمزہ شہباز نے مقررہ ووٹ سے 13 ووٹ زیادہ لیے، کل پنجاب اسمبلی کو تالے لگا دیئے گئے۔

Shehbaz Sharif

Supreme Court

imran khan

lahore

Opposition leader

National Assembly

Hitler

Comments are closed on this story.

مقبول ترین