Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

پروین رحمان قتل کیس: سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کی سزائیں کالعدم قراردے دیں

عدالت نے ملزمان کو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی تھی
اپ ڈیٹ 21 نومبر 2022 04:22pm

سندھ ہائیکورٹ نے پروین رحمان قتل کیس میں انسداددہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف ملزمان کی اپیلوں پرفیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی دو بار عمر قید کی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے پروین رحمان قتل کیس میں ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں منظورکرلیں۔

عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ملزمان کو سنائی گئیں سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ پروین رحمان قتل کیس کے ملزمان دیگرکیسز میں مطلوب نہیں تو رہا کر دیا جائے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کی تفتیش میں ناکامی اورعدم شواہد کی بنیاد پرملزمان کی اپیلیں منظورکیں ، ملزمان میں رحیم سواتی،امجد حسین، ایازسواتی اور احمد حسین شامل ہیں۔

دوسری جانب مقرولہ پروین رحمان کی بہن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اہلِ خانہ کو خطرہ ہے، اورنگی پائلٹ پروجیکٹ میں کام کرنے والوں کو بھی خطرہ ہے۔ سندھ حکومت ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو 2،2 بار عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے پروین رحمان قتل کیس میں ملزمان کو 17 دسمبر 2021 میں سزائیں سنائی تھیں۔

واضح رہے کہ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو 2013 میں کراچی کے علاقے منگھو پیر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ دفتر سے اپنے گھر واپس جا رہی تھیں۔

پروین رحمان کیس کا پس منظر

اورنگی پائلٹ پروجیکٹ نامی این جی او کا قیام 1980 میں عمل میں آیا، این جی اوکا مقصد اورنگی ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات پرنظر رکھنا تھا۔

ڈرائیورکے مطابق 13 مارچ 2013 کو وہ پروین رحمان کو دفتر سے گھر لے جارہا تھاکہ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی پروین رحمان کوقتل کردیا گیا۔

پروین رحمان کے ڈرائیور نے فوری طور پر انہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تھا تاہم اس حملے میں وہ جانبر نہ ہوسکیں تھیں۔

مین منگھوپیر روڈ پختون مارکیٹ کے قریب اسپیڈ بریکر پرجب کارکی رفتارآہستہ کی،اچانک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجے میں پروین رحمان کی موت واقع ہوئی۔

مدعی کی شکایت پر تھانہ پیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایک روزبعد پولیس تحقیقات کے سلسلے میں کالعدم تنظیم کے مقامی رہنما قاری بلال کو گرفتارکرنے پہنچی تو وہ جعلی مقابلے میں مارا گیا تھا،جس کے بعد کیس کی فائل بند ہوگئی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپریل 2015ء میں اس کیس کا از خود نوٹس لیااور تحقیقات دوبارہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ایک جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔ٹیم نے رحیم سواتی کو خیبرپختون خوا کے علاقے سے گرفتار کیا،رحیم سواتی اس نے تفتیش کے دوران پروین رحمان کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔

پروین رحمان کے قتل کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اجرتی قاتلوں نے 40 لاکھ روپے کے عوض قتل کیا۔

گرفتار ملزم امجد حسین نے جے آئی ٹی کوبیان میں بتایاکہ ایک سیاسی جماعت کاعہدیدار پروین رحمان سے زمین مانگ رہے تھا، انکار پر کالعدم تنظیم کو پیسے دے کر انہیں قتل کروا دیا گیا۔

ملزم امجد حسین عرف امجد آفریدی نے بیان میں کہا تھا کہ اس کیس میں پہلے سے گرفتار ملزم رحیم سواتی اور عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار ایاز سواتی پروین رحمان سے علاقے میں جِم کھولنے کے لیے زمین مانگ رہے تھے۔

پروین رحمان کے انکار پر جنوری 2013 میں رحیم سواتی کے گھر پروین رحمان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، امجد آفریدی جس میں ملزم امجد حسین، ایاز سواتی، رحیم سواتی اور احمد عرف پپو شامل تھے۔

ملزم کے مطابق قتل کے لئے رحیم سواتی نے کالعدم ٹی ٹی پی کے موسٰی اورمحفوظ اللہ عرف بھالو نامی دو علاقائی عہدیداروں سے رابطہ کیا۔

40لاکھ روپے کے عوض پروین رحمان کو قتل کرنے کے لئے تیار ہوگئے،امجد حسین اور دیگر ملزمان نے 2 ماہ تک پروین رحمان کی ریکی بھی کی، جس کی تفصیلات کالعدم تنظیم تک پہنچائی جاتی رہی۔موسیٰ اور بھالو نے 23 مارچ 2013 کو پروین رحمان کو قتل کردیا۔

ملزم امجد حسین نے دوران تفتیش جے آئی ٹی کو بتایا کہ رحیم سواتی نے 40 لاکھ روپے نہ دینے پر کالعدم تنظیم نے اس کےگھر دستی بم حملہ بھی کیا تھا۔

پولیس نے 18 مارچ 2015ء کو مانسہرہ سے قتل میں ملوث مرکزی ملزم احمد خان عرف پپو کشمیری کو گرفتار کیا جبکہ منگھوپیر سے رحیم سواتی کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔

یہ کیس 3 بار چلایا گیا تھا اور 5 جے آئی ٹیز تشکیل دی گئیں تھیں،پانچویں جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے حکم پربنائی گئی تھی۔

2021 میں اے ٹی نے جرم ثابت پر ملزمان کو 2,2 بار عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی ، جے آئی ٹی نے پروین رحمان کے انٹرویو کی فرانزک بھی کرائی تھی، پروین رحمان نے اپنی زندگی میں قتل کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

Sindh High Court

perveen rehman

perveen rehman murder case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div