انگلینڈ کیخلاف تیسرا ٹیسٹ: پاکستانی اسپنرز نے نئی تاریخ رقم کردی

پاکستانی ٹیم نے پہلی مرتبہ پہلے 2 اوورز اسپنرز سے کروائے
شائع 18 دسمبر 2022 12:20pm
نعمان علی اور ابرار احمد
نعمان علی اور ابرار احمد

انگلینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اسپنرز ابرار احمد اور نعمان علی نے نئی تاریخ رقم کر دی۔

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ میچ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پہلے دو اوورز اسپنرز سے کروائے۔

کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کے خلاف پہلا اوور پاکستانی اسپنر ابرار احمد جبکہ دوسرا اوور اسپنر نعمان علی سے کروایا گیا۔

ملتان ٹیسٹ کے بعد کراچی میں بھی ابرار کی پہلے اوور میں پہلی وکٹ لینے کا تسلسل برقرار

دوسری جانب ابرار احمد نے کراچی ٹیسٹ میں بھی پچھلے ٹیسٹ میچز کی طرح اپنی روایت قائم رکھی اور اپنے پہلے ہی اوور میں زیک کرولی کو صفر پرپویلین بھیج دیا۔

پاکستان کے نوجوان اسپنر نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے پہلے اوور میں زیک کرولی جبکہ دوسری اننگز کے پہلے اوور میں ول جیکس کو آؤٹ کیا تھا جس کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ابرار نے زیک کرولی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 78 اور آغا سلمان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

انگلش بولرز کی جانب سے جیک لیچ نے 4، ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔