Aaj News

پیر, مئ 13, 2024  
04 Dhul-Qadah 1445  

اسلام آباد میں 25 نئی چوکیاں قائم، میٹرو بس مسافروں کی ویڈیو بنے گی

وفاقی دارالحکومت میں عوام کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کا حکم
شائع 27 دسمبر 2022 10:20am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر 25 نئی عارضی پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں جب کہ میٹرو بس سروس سے سفر کرنے والے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے نئے سیکورٹی پلان کے تحت ان اقدامات کا اعلان منگل کی صبح جاری ایک بیان میں کیا۔ پولیس نے وفاقی دارالحکومت آنے والے تمام شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے وہ اپنے شناختی کارڈ ہمیشہ ساتھ رکھیں۔

نیا سیکورٹی پلان امریکہ اور سعودی عرب کے سفارتخانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہاکہ حالیہ سیکورٹی صورت حال کے پیش نظر نیا سیکورٹی پلان جاری کیا کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 25 عارضی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر سیف سٹی کیمروں سے ریکارڈنگ ہوگی۔ میٹرو سروس کے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں، لوگ اپنی گاڑیوں پر محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹس لگائیں، غیر قانونی نمبر پلاٹ والی گاڑیوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس نے غیرملکی شہریوں کو بھی شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرائے داروں اور اپنے ملازمین کی رجسٹریشن قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز پر کرائیں۔

پولیس نے خبردار کیا کہ غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیرملکی ملازمین رکھنے والوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

اسلام آباد

islamabad checkposts

islamabad security

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div