Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
21 Shawwal 1445  

’جیل بھرو تحریک: کل شاہ محمود قریشی گرفتاری دیں گے‘

کل سے سینکڑوں کارکن گرفتاریاں دینا شروع کردیں گے،پی ٹی اۤئی
شائع 21 فروری 2023 07:51pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نےکہا ہے کہ کل لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہونے جارہا ہے، ساری پارٹی جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہے اور کل شاہ محمود قریشی گرفتاری دیں گے۔

لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کے چیپٹر کو ختم کیا گیا ہے، بدھ سے سینکڑوں کارکن گرفتاریاں دینا شروع کردیں گے۔ پوری پارٹی جیلیں بھرنے کو تیار ہے اور تحریک کےپہلے ہی روز شاہ محمود قریشی گرفتاری پیش کریں گے۔

انھوں نےکہا کہ سیکڑوں کارکن جیل جانےکیلئےخود کوپیش کریں گے، کسی سیاسی پارٹی کی ایسی تحریک شروع کرنےکی جرات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کے خلاف جعلی مقدمات بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

حکمراں اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) پر تنقید کرتےہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے، الیکشن ہوتے ہیں تو یہ لوگ بھاگ جاتے ہیں، پی ڈی ایم اپنا نام فراری رکھ لے۔

پی ٹی اۤئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے 90 روزمیں انتخابات کرانےکا بیان دیا، جو خوش آئند ہے، عمران خان نے الیکشن کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی لاہورہائیکورٹ میں پیشی پر بات چیت کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے عمران خان کا بھرپوراستقبال کیا، جس سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

فواد چوہدری نےکہا کہ چیئرمین نیب نے حکومت کے رویہ پراستعفیٰ دیا ہے، سرکاری افسران کو چاہیے کہ کسی پارٹی کا کارکن بننے کے بجائے حق و سچ کی اۤواز بلند کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔

تحریک انصاف کےرہنما حماد اظہر نے حکمراں اتحاد پی ڈی ایم کو للکارتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی انتخابات کرانےکیلئےتیار ہے، گھوڑا بھی حاضر ہے، میدان بھی حاضر ہے، آئیں مقابلہ کریں۔

انھوں نےکہا کہ مسلم لیگ (ن) نےضمنی انتخابات کیلئےکاغذات جمع نہیں کرائے، یہ عوام کا سامنا کرنے سےخوف زدہ ہیں، ملک کے مستقبل کا فیصلہ عوام کریں گے۔

ملک میں جاری معاشی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے ضمنی مالیاتی بل غیرقانونی طور پر پاس کرایا، بل ایسے وقت میں پاس ہوا جب قومی اسمبلی کا کورم تک پورا نہیں تھا، بل کے حق میں 61 ارکان نے ووٹ دیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تاریخ کا بدترین معاشی بحران ہے۔ آٹا، چینی، گھی، بجلی ہرچیزعوام کی قوت خرید سے باہر ہے، آئی ایم ایف کی ڈیل پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کا حربہ ہے، معاشی مسائل کا حل آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں ہے، معاشی مسائل کا حل حکومت کو نکالنا ہوتا ہے۔

PDM

imran khan

Jail Bharo Tehreek

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div