Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

عورت مارچ کو اجازت نہ ملی، اب کیا کِیا جائے گا؟

ضلعی انتظامیہ کے فیصلے سے حقوق کے اداروں میں تشویش۔
شائع 04 مارچ 2023 08:46pm
مارچ 2021 میں لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ کی ریلی  (تصویر: اے ایف پی)
مارچ 2021 میں لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ کی ریلی (تصویر: اے ایف پی)

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے جمعہ 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس پر انسانی حقوق کے اداروں میں مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیا نے ہفتے کو ایک ٹویٹر تھریڈ میں کہا، ”یہ اجتماع کے حق پر غیر قانونی اور غیر ضروری پابندی کے مترادف ہے۔“

”بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مطابق، حکام کو اس حق کی سہولت اور حفاظت کرنی چاہیے۔“

صرف یہی نہیں، ایکٹوسٹ اسامہ خلجی نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے بعد ملتان اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی عورت مارچ کے منتظمین کو اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا، ”یہ آئین کے آرٹیکل 14، 15، 17، 19، اور 25 کے تحت محفوظ بنائے گئے خواتین کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔“

تاہم، مذکورہ بالا معاملے کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے۔

ملتان کا عورت مارچ نواں شہر چوک سے شروع ہوگا، منتظمین نے خواتین اور ٹرانس پرسنز سے شام 4 بجے ریلی میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل لاہور کی ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت مسترد کر دی تھی۔

یہ فیصلہ ”سیکیورٹی خدشات، تھریٹ الرٹس، خواتین کے حقوق کے بارے میں آگاہی کے لیے متنازعہ کارڈز اور بینرز، اور عوام اور مذہبی تنظیموں بالخصوص جماعت اسلامی کے سخت تحفظات“ کی وجہ سے کیا گیا۔

فیصلے میں جماعت اسلامی کے ”حیا مارچ“ کے ارکان سے تصادم کے امکانات کا ذکر کیا گیا۔

عورت مارچ آرگنائزنگ کمیٹی نے الحمرا ہال، مال روڈ/ایوان اقبال، ایجرٹن روڈ اور پریس کلب، شملہ سے فیصل چوک تک اور مال روڈ اور ناصر باغ میں بھی مظاہرے کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے ”نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ“ (این او سی) کی درخواست کی تھی۔

لیکن، ڈی سی رافعہ حیدر نے ”امن و امان کی کسی بھی صورتِ حال یا حادثے سے بچنے کے لیے“ درخواست کو مسترد کر دیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیا نے لاہور کی ضلعی اور ملک کی تمام انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ”انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے مطابق خواتین کے اجتماع کے حق کا احترام، سہولت کاری اور تحفظ کریں“۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔

ایچ آر سی پی نے ایک بیان میں کہا کہ ”یہ افسوس ناک ہے کہ پرامن اجتماع کے حق کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے معمول کے مطابق اس بنیاد پر چیلنج کیا جاتا ہے کہ ’متنازع‘ پلے کارڈز، عوامی اور مذہبی تنظیموں کے ’سخت تحفظات‘ ظاہری طور پر امن و امان کے خطرات پیدا کرتے ہیں۔“

ضلعی انتظامیہ نے اس فیصلے کو ”ناقص دفاع“ قرار دیا۔

انتظامیہ نے پنجاب حکومت کی عبوری حکومت سے عورت مارچ کے پرامن اجتماع کی آزادی کے حق کو برقرار رکھنے اور مارچ کرنے والوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

’کیا کرکٹ میچز صنفی تشدد کے مسائل سے زیادہ اہم ہیں؟‘

عورت مارچ نے ٹویٹر پر اپنے طویل تھریڈ میں جماعت اسلامی کی طرف سے ”حیا مارچ“ کو انکار کی وجہ بتایا۔

اس میں کہا گیا کہ ”نہ صرف ہمیں ہمارے منتخب کردہ راستے (ناصر باغ) پر جمع ہونے کی اجازت سے انکار کیا جا رہا ہے، بلکہ رد عمل کے طور پر مارچ کے تمام سابقہ مقامات جیسے پریس کلب، الحمرا اور مال روڈ کو بند کیا جارہا ہے۔“

عورت مارچ کے اس پیغام میں ڈپٹی کمشنر کے اقدامات کو بطور عوامی تحریک ان کے بنیادی حقوق سے ”صاف انکار“ قرار دیا۔

منتظمین اس فیصلے سے ناراض ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں مارچ کے اپنے آئینی حق کو استعمال کرنے کے لیے این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔

”ہمیں جمع ہونے، مارچ کرنے اور ہماری آواز سنانے سے روکنے کے لیے عوامی نظم کا کوئی جائز جواز موجود نہیں ہے۔“

پچھلے سال، عورت مارچ کے منتظمین نے دعویٰ کیا تھا کہ عورت مارچ لاہور نے این او سی دینے کے باوجود، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے من مانی طور پر مارچ کو محدود کرنے کے بعد معاملے کو مزید نہ بڑھانے کا انتخاب کیا تھا۔

اس نے الزام لگایا کہ پرتشدد اور نفرت انگیز گروہوں کو اس وقت بھی مارچ کے راستے میں جوابی احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

عورت مارچ انتظامیہ نے سوال اٹھایا، ”ایک ایسے شہر میں جہاں پی ایس ایل کے لیے بڑے ہجوم کو جمع ہونے کی اجازت ہے، خواتین اور صنفی اقلیتوں کے پرامن اجتماع کو خاموش کرایا جا رہا ہے اور ان کے اجتماع کے آئینی حق سے انکار کیا جا رہا ہے۔ کیا کرکٹ میچز صنفی تشدد کے مسائل سے زیادہ اہم ہیں؟“

منتظمین نے شہری انتظامیہ کو یاد دلایا کہ عدالتیں پہلے ہی اس تقریب کے انعقاد کے حق کو برقرار رکھتی ہیں۔

”اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم 8 مارچ کو مارچ کریں گے کیونکہ ہم اس چھوٹی سی جگہ کو نہیں چھوڑیں گے جو ہم نے 6 سالوں سے اپنے لیے تراشی ہے۔ ہم مارچ کریں گے، پاکستانی خواتین اور ٹرانس جینڈر کارکنوں کی بھرپور تاریخ کو برقرار رکھتے ہوئے ان نظاموں کے خلاف لڑیں گے جو ہم پر ظلم کرنا چاہتے ہیں۔“

Aurat March

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div