Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

اس طرح کی لڑائی سے وفاق کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بلاول

سازشی عناصرملک میں سیاسی افراتفری چاہتے ہیں، ایسی لڑائی نہ کریں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے، بلاول
شائع 23 اپريل 2023 10:32pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک طرف پارلیمان اور دوسری طرف اعلیٰ عدلیہ ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے فیصلوں کو نہیں مان رہے۔ عدالت قانون بننے سے پہلے ہی اسے ختم کر رہی ہے۔

نوڈیرو میں تعلقہ رتوڈیرو کے عوام، کارکنان اور پارٹی عہدیداران کی عید ملن پارٹی میں شرکت کے دوران خطاب میں بلاول نے کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی کوشش کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ مخالفین سے بھی مذاکرات کرنے ہوں تو کیے جائیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب اور قدرتی آفات کے نتائج آج تک برداشت کر رہے ہیں، پورے ملک میں انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں، سازش کرنے والوں کی کوششیں آج بھی جاری ہیں، ان کی پہلی کوشش ہے صرف پنجاب میں پہلے الیکشن کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصرملک میں سیاسی افراتفری چاہتے ہیں، ایسی لڑائی نہ کریں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے، اس طرح کی لڑائی سے وفاق کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، بات چیت سے ملک کو بڑے نقصان سےبچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ون یونٹ لاگو کرنے کی کوشش کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، سازشیں کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں ہوش کے ناخن لیں۔

عید ملن کی اس تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر بی بی فرالک تالپور نے بھی شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو عید ملن پارٹی میں روایتی سندھی اجرک کے تحائف پیش کئے گئے۔

Bilawal Bhutto Zardari

Politics April 23 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div