Aaj News

ہفتہ, مئ 11, 2024  
03 Dhul-Qadah 1445  
Live
Politics April 29 2023

پرویز الہٰی کیخلاف 2 ارب کی رشوت کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج

رشوت 29 کلومیٹر تعمیر کی جانے والی سڑک کی مد میں دی گئی، ایف آئی آر
شائع 29 اپريل 2023 10:27pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف دو ارب روپے کی رشوت کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پرویز الہٰی سمیت چھ سرکاری افسران کے خلاف حالیہ ترقیاتی منصوبوں میں دی گئی دو ارب روپے کی رشوت پر ایف آئی آڑ درج کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی سمیت دیگر کیخلاف 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج

ایف آئی آر کے مطابق رشوت 29 کلومیٹر تعمیر کی جانے والی سڑک کی مد میں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے میں ناکام، خواتین سمیت 25 ملازمین گرفتار

جبکہ مقدمہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر گوجرانوالا میں درج کیا گیا۔

اگلا ٹارگٹ لال حویلی، 14 مئی کو انتخابات نہ ہوئے تو ’فتح خان بندیال کا بیٹا تُن کے رکھ دے گا‘

مذاکرات ناکام ہوں گے، شیخ رشید کی پروگرام "روبرو" میں پیشگوئی
شائع 29 اپريل 2023 09:44pm
Exclusive Interview with Sheikh Rasheed Ahmad | Rubaroo with Shaukat Piracha | Aaj News

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کے اتحادی شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان جو بھی دراڑ ڈال رہا ہے وہ ملک دشمن ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں میزبان اور سینئیر صحافی شوکت پراچہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہم 16 مرتبہ وزیر رہ چکے ہیں اور ہماری آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تین تین گھنٹے ہائیڈ آؤٹ میں رکھا جاتا ہے تو اس کی تحقیق کی جائیں کہ ہمیں تین گھنٹے باندھ کر رکھنے کی ضرورت تھی، ہم نے تو باہر آکر شور نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورت حال یہ ہے کہ اس مہینے بھی ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی پر 43 افراد خودکشی کرچکے ہیں، جس میں پرسوں کے چھ افراد بھی شامل ہیں۔ میں اپنے حلقے میں نہیں بیٹھ سکتا کیونکہ میرے حلقے کے حالات خراب ہیں، لوگوں کے پاس آٹا نہیں ہے، گھی چینی نہیں ہے، پیسے نہیں ہیں، سیاست کو خاک میں ڈالیں قبر کے پیسے نہیں ہیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ میں عید کے دن حسب معمول اپنی ماں کی قبر پر گیا تو دل کیا میں اس میں گھس مروں۔ وہاں دو جگہوں پر لکھا تھا کہ اگر آپ کے پاس قبر کے پیسے نہیں ہیں تو ان فون نمبروں پر رابطہ کریں۔

آئی ایم ایف مذاکرات کی پیشرفت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی دس تاریخ کی میٹنگ میں پاکستان کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور فوج ہم میں سے ہے، میری گلی سے کئی لفٹیننٹ جنرل اور افسر نکلے ہیں، فوج ہماری ہے ہم فوج کے ہیں، ’ملک میں جو چور بازاری ہو رہی ہے، جو ڈکیتی ہو رہی ہے، جو تباپہی اور بربادی ہے، جو حالات اس قدر مخدوش ہیں اس قدر مخدوش ہیں کہ مجھے ڈر لگتا ہے ، مجھے ڈر لگتا ہے کہ کسی وقت کسی گلی سے ایسی پھلجھڑی سی نکلے گی اور سارے میرے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جو گیم چینجز ہوئی ہیں ، اس کے نتیجے فیل ہوگئے ہیں ، الیکشن کی طرف ملک کا فیصلہ ہے۔‘

شیخ رشید نے کہا کہ ’یہ کہتے پیں فوج نیوٹرل ہے، بابا کسی ملک کی فوج نیوٹرل کیسے ہوسکتی ہے‘۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ساری قوم اس فوج کے پیچھے کھڑی ہے لیکن اس فوج کو بھی اس قوم کے پیچھے کھڑا ہونا ہے۔ ملک کو الیکشن کی طرف لے کر جائیں اور اس میں ادارے سہولت کار بنیں اور عدلیہ کے پیچھے کھڑے ہوں، عدلیہ آئین اور قانون کی علمبردار ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ چار تاریخ کو میری لال حویلی پر قبضہ کرنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میری لال حویلی چار مرلے کی ملکیت ہے، اگر یہ چار کی رات کو میری طرف آئیں گے اور یہ بلڈوز کریں گے بکتر بند گاڑیوں سے آئیں گے، میں تو آئین اور قانون کا سہارا ہی لوں گا نا میں کدھر جاؤں گا میں عام شہری ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اب یہ چار تاریخ کی رات کو حملہ کرنا چاہتے ہیں، لال حویلی پہ قبضہ کرنا چاہتے ہیں‘۔

جب سوال پوچھا گیا کہ کون؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’بیوقوف لوگ‘۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے سخت لہجہ اپنے ہوئے کہا کہ ایک سال سے نہ میرا عظیم فوج کے ساتھ رابطہ ہے نہ ان کا مجھ سے رابطہ ہے۔ میں اس وقت ان تیرہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ’میں فوج پر تبصرہ کرتا ہوں نہ ان کے خلاف ہوں، اور میری خواہش ہے کہ عمران خان کے فوج کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں، اور خدا میری یہ دعا سنے‘۔

چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں ان کے گھر کا ایک فرد رہا ہوں، چوہدری سالک کو وزارت سے استعفا دینا چاہئیے، شجاعت کو بیان دینا چاہئیے، چوہدری پرویز اور شجاعت حسین کے کمرے آمنے سامنے ہیں، مجھے پتا ہے آپ کے پیچھے کون ہے ، آپ کے پیچھے محسن نقوی ہے۔

چھاپے کے پیچھے ڈی جی اینٹی کرپشن کی کسی طاقت کے ہونے کی تردید پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں انتہائی ذمہ داری سے کہتا ہوں، بھٹو نے 6 نومبر 1968 کو مجھے یہ کہا تھا جب میرے دو ساتھی شہید ہوگئے، کہ ”دئیر اِز آلویز اے فیس بہائنڈ اے کیس“ (ہر کیس کے پیچھے ایک چہرہ ہوتا ہے) شیخ رشید، گو وہ جنازے میں نہیں آیا حمید شہید کے بھٹو، جس دن سے میری اس سے ان بن ہوگئی کہ ہم نے دولاشیں دیں اور اس کے پاس جنازے کیلئے ٹائم نہیں تھا۔ تو میں کسی جگہ موجود تھا اور جب میں نکل رہا تھا تو یہ اور محسن نقوی جہاں سودے ہو رہے تھے خریدو فروخت ہو رہی تھی، سالک اور محسن نقوی وہاں داخل ہو رہے تھے۔‘

نواز شریف کی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کہہ رہا تھا نواز شریف جدہ سے سیدھا پاکستان آرہے ہیں ، میں کہہ رہا تھا کہ نہیں آرہے ’ان کی تندور میں روٹیاں لگنی ہیں ابھی‘۔ اس کو آفیشل پاسپورٹ مل گیا لیکن واپسی کیلئے ’حوصلہ چاہئیے، بزدل لوگ ہیں یہ‘۔ ان کی ایک صفت یہ ہے کہ ’قمر جاوید باجوہ کہتا تھا شہباز شریف میں بڑی انکساری ہے، کیونکہ یہ لیٹ جاتے ہیں، یہ نوے کے زاویے سے لیٹتے ہیں، آپ یقین کریں لیٹنے کے مسئلے میں نواز شریف میں پھر بھی کوئی کردار ہے، وہ پھر بھی گٹھنوں کے بل لیٹتا ہوگا، یہ تو پنجے سمیت نوے کے زاویے پر لیٹ جاتا ہے شہباز شریف، اور لیٹا ہوا ہے، چابی کا کھلونا ہے چابی سے چل رہا ہے‘۔

انہوں نے حکومتی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کہتے ہیں کہ حلف ساتھ ہی کہ جی ہم تین ججوں کو نہیں مانتے، یہ سول نافرنی نشروع ہوچکی ہے اس ملک میں، (انہوں نے اپنا پاؤں چپل سمیت کیمرے کے سامنے اٹھا کر دکھاتے ہوئے کہا کہ) اگر یہ سپریم کورٹ کے تین ججوں کو نہیں مانتے تو میں اس وزیراعظم کو ٹھڈے پہ لکھتا ہوں، اس ٹھڈے پر لکھتا ہوں اس حکومت کو‘۔

شیخ رشید نے بات مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ یہ ججز کے کنڈکٹ کو قومی اسمبلی میں آرٹیکل چھ کے تحت ڈسکس ہی نہیں کر سکتے اور بلاول کہہ رہا ہے کہ انہیں (ججز کو) استحقاق کمیٹی میں لے کر آؤ۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید اور ایم کیو ایم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’فضل الرحمان کہتے ہیں یہ ہندوؤں کا ہتھوڑا، کیونکہ یہ تو وہاں پر ہندوؤں کے ہی ساتھ تھے، پاکستان بنانے کے تو یہ حامی نہیں تھے، پاکستان میں تو جنہوں نے گردنیں کٹائیں، جنہوں نے لاشیں اٹھائیں، جنہوں نے بہنوں کو چھوڑا بھائیوں کو چھوڑا جو در بدر ہوئے وہ تو مردم شماری کو لے کر بیٹھے ہیں، ان کی سوئی ابھی تک مردم شماری سے نہیں نکلی۔ اور جو وہاں انگریز کے جوتے چاٹتے تھے، انگریز سے انہوں نے زمینیں لیں، وہ کوئی خاص لفظ ہے مجھے نہیں آتا، جاگیریں بانٹی گئیں۔ اپنے طوطے اور اپنے پرندے بھی یہ جہازوں میں لے کر آئے۔ رل گیا غریب بیچارہ آج بھی رل رہا ہے 75 سال سے، نکلے غریب باہر، نکلے غریب، ان سے کوئی امید نہ رکھے ان سب کی دولت باہر ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر چیف جسٹس کے ہتھوڑے کو یہ ہندو کا ہتھوڑا کہیں تو ان کے اندر ابھی تک وہی جراثیم ہیں جو پاکستان بناتے وقت پاکستان کی مخالفت میں تھے‘۔

شیخ رشید نے ایم کیو ایم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میں ایم کیو ایم کو بہت اچھا سمجھتا ہوں، ایم کیو ایم میں بہت پڑھے لکھے لوگ ہیں ، لیکن ایم کیو ایم میں بھی مرد قلندر کی ضرورت ہے، ’نیچے لیٹ لیٹ کر لوگ ووٹ نہیں دیں گے، یہ میرا ایم کیو ایم کو بطور بھائی مشورہ ہے بطور شیخ رشید مشورہ نہیں ہے‘، آپ اپنی ساکھ کھوتے جا رہے ہیں کراچی میں، ایک زمانے میں الطاف حسین نے مجھے کہا کہ میری خواہش ہے تو کراچی سے الیکشن لڑے۔

کیا 14 مئی کو الیکشن ہوتے نظر آرہے ہیں ؟ اس سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ’میں تو سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس کو نہیں جانتا عطا صاحب کو بندیال کو، ان کے والد سے میں تقریباً ہفتے میں دن میں، کوئی ہفتہ ایسا نہیں جاتا تھا، کیونکہ یہ سارا جال میں نے کالجوں اور یونورسٹیوں کا فتح خان بندیال کی وجہ سے بنایا، یہ فتح خان بندیال کا بیٹا تُن کے رکھ دے گا، پھر میں کہتا ہوں یہ فتح خان بندیال کا بیٹا آئین اور قانون کی ڈنڈی سے تُن کے رکھ دے گا‘۔

آڈیو لیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جب حکومت ختم ہو رہی تھی تو عمران خان کو کہا گیا کہ آپ کی آڈیو ویڈیو ہیں، غلطی سے میں نزدیک ہی گزر رہا تھا، اس نے کہا فیر ٹی وی تے نشر کردیو(پھر ٹی وی پر نشر کردو)‘۔

مذاکرات میں کامیابی یا ناکامی کے امکان پر انہوں نے کہا کہ مذاکرات ناکام ہوں گے۔

بجٹ کے بعد انتخابات کا اعلان قبول نہیں کریں گے، عمران خان

14 مئی سے قبل انتخابات کا اعلان نہیں ہوا تو ہم صوبوں میں الیکشن کرا دیں گے، عمران خان
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 10:48pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بکتر بند گاڑی سے پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑا گیا۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عوام کو انصاف دلانے کیلئے تحریک کا آغاز کیا، جنگل کے قانون میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، پاکستان میں طاقتور اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے، اس قانون نے عوام کو غلام بنایا ہوا ہے، ہماری جدوجہد انصاف کیلئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئین عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے، بڑی مشکل سے پاکستان کا آئین بنایا گیا تھا، آئین ٹوٹ جائے تو ملک میں جنگل کا قانون ہوگا، بڑے چوروں کو آسانی سے این آر او مل جاتا ہے اور طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

حکمراں اتحاد ( پی ڈی ایم) پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے تھےاسمبلی توڑیں، الیکشن کرادیں گے، یہ کہتے تھے اسمبلی توڑیں، الیکشن خودبخود ہو جائیں گے، اسمبلی توڑنے کے بعد بہانے بنائے جارہے ہیں، قوم کو پتا چلنا چاہئے کہ کس قسم کی منافقت ہورہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے، ہر کسی نے کہا کہ الیکشن کرانا ضروری ہیں، ماضی میں یہ جماعتیں الیکشن میں تاخیر کےخلاف تھیں، یہ پرانے زمانے کے سیاستدان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ چھپ نہیں سکتا، نوازشریف کہتا تھا کہ ایک دن الیکشن آگے نہیں جائےگا، شاہدخاقان کہتا تھا کہ تاخیر ہوئی تو آرٹیکل 6 لگے گا، سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دی، فیصلہ آتے ہی پارلیمنٹ میں کہہ رہے ہیں الیکشن نہیں کرائیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلوں کے الیکشن پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوے دن ہوگئے،الیکشن نہیں کرایا جارہا، ان کے ہینڈلرز بھی ساتھ ملے ہوئے ہیں، چیف جسٹس کی کردار کشی کی جارہی ہے، آپس میں لڑائیاں کرانے کی کوشش کی جارہی ہے، سپریم کورٹ کے تمام ججز سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہوں، اگر آئین پرعمل نہ ہوا تو ملک میں جنگل کا قانون ہوگا۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’یہ صرف سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشنز کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اگر 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑ کر انتخابات کرانے کا اعلان نہیں کیا جاتا اور بجٹ کے بعد ایسا کیا جاتا ہے تو قبول نہیں ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ہم صوبوں میں الیکشن کرا لیں گے کیونکہ پنجاب کے بارے میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دے رکھا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے 15 ججز سے اپیل کرتے ہیں کہ ’وہ اپنی اناؤں اور ذاتی لڑائی‘ کو چھوڑ کر متحد ہو جائیں۔

انھوں نے کہا کہ آج پاکستان میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بکتر بند گاڑی سے پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑا گیا، میری اہلیہ گھر میں اکیلی تھی، گھرکا دروازہ توڑا گیا، میرے گھر پر کس قانون کے تحت حملہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے جاں بحق کارکن ظلِ شاہ سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ظل شاہ پر 26 جگہ پر تشدد ہوا، سر کی ہڈی توڑ دی گئی، معصوم، درویش آدمی سے غیرانسانی سلوک کیا گیا، اسے مارکر سڑک پر پھینکا اور کیس بھی ہم پرڈال دیا گیا، علی امین کو ایک کے بعد ایک کیس میں پکڑا جارہا ہے۔

’الٹی گنتی نا منظور‘ مردم شماری کیخلاف پی ٹی آئی کا کراچی کے 29 مقامات پر احتجاج

کبھی بھی مردم شماری درست نہیں کی گئی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل
شائع 29 اپريل 2023 08:49pm
فوٹو ـــ ٹوئٹر / عمران اسماعیل
فوٹو ـــ ٹوئٹر / عمران اسماعیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مردم شماری کے خلاف کراچی کے انتیس مقامات پر احتجاج کیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی کیمپس لگائے گئے۔ جس میں کارکنوں کے ساتھ مقامی قیادت نے بھی شرکت کی اور مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے متنازعہ قرار دیا۔

پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل، علی زیدی، آفتاب صدیقی، عالمگیر خان، خرم شیرزمان، بلال غفار، ارسلان تاج سمیت دیگر رہنماوں نے احتجاجی کیمپس کا دورہ کیا۔

تحریک انصاف نے نمائش چورنگی، کورنگی کراسنگ، پاور ہاؤس، ملیر 15، حسن اسکوائر سمیت متعدد مقامات پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سابق گورنر سندھ اور رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ کراچی کی وجہ سےعمران خان کی حکومت بن سکی ہے، پی ٹی آئی کل بھی کراچی کے ساتھ تھی آج بھی ہے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ کبھی بھی مردم شماری درست نہیں کی گئی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ جب حق و سچ کی بات کرو تو غدار کہا جاتا ہے، ہم کبھی کراچی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، ہم بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، پیچھے نہیں ہٹیں گے، الیکشن کروا کر رہیں گے اور ہم اپنا حق لے کر رہیں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی، جرنل سیکریٹری ارسلان تاج اور ایم این اے عالمگیر خان نے حسن اسکوائر پر مظاہریں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کی غلط شماری ایک فراڈ ہے، یہ کراچی والوں کے حق پر ڈاکہ ہے، اس غلط شماری کو تحریکِ انصاف مسترد کرتی ہے۔

دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے جمعہ کو کراچی کے نجی ہوٹل میں مردم شماری کیخلاف اسٹیک ہولڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ یکم مئی کو مردم شماری کے نتائج کیخلاف سخی حسن کے مقام پر گرینڈ احتجاج بھی شیڈول ہے۔

پرویز الہیٰ کے گھر کارروائی نگراں حکومت پنجاب کی جانب سے کی گئی، اسحاق ڈار

پی ٹی آئی کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کروں گا، اسحاق ڈار کا شاہ محمود قریشی کو جواب
شائع 29 اپريل 2023 07:47pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی سے رابطہ کیا چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر حملے پر اظہار افسوس کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اسحاق ڈار کو پرویز الہیٰ کے خاندان اور تحریک انصاف کے جذبات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے شاہ محمود کو کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کارروائی نگراں حکومت پنجاب کی جانب سے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کروں گا، اس سلسلےمیں جلدپی ٹی آئی سےدوبارہ رابطہ کریں گے۔

مفت آٹے کی تقسیم میں 20 ارب کی کرپشن ہوئی، شاہد خاقان کا انکشاف

حکومت ذمہ داریوں سے غافل ہے، عدلیہ کا کام آئین کی تشریح ہے اس کیخلاف مہم جوئی کرنا نہیں، رہنما ن لیگ
شائع 29 اپريل 2023 07:16pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک کے مسائل کی وجہ لیڈر شپ کی ناکامی ہے، ایسے افراد کو پارلیمنٹ میں لایا گیا، جو اس کے قابل نہیں تھے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ادارے ایک دوسرے کے سامنے صف آراء ہیں، ملک کے مسائل کی وجہ سیاسی قیادت کی ناکامی ہے، مسائل کا حل سب ملکر نہیں کریں گے تو وہ ختم نہیں ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایسے افراد کو پارلیمنٹ میں لایا گیا جو اس کے قابل نہیں تھے، پارلیمنٹ میں جانے کے لیے تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے، حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہے جبکہ عدلیہ آئین سے بالا نہیں ان کا کام آئین کی تشریح کرنا ہے نا کہ اس کیخلاف مہم جوئی کرنا۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت لوکل گورنمنٹ کے حق میں نہیں ہے، اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ اسے الیکشن جتوا دیں تو ملک کے مسائل حل ہو جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں ہے، آج حالت یہ ہے کہ وفاقی آفیسر صوبے میں صرف اپنی آسائشوں کے لیے رہتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں حکومت کی ناکامی کی وجہ معلوم کرنا ہوگی، مسائل کے حل آسان نہیں ہوتے، بنیادی چیزوں کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

سابق وزیراعظم اور رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مفت آٹے کی تقسیم میں بیس ارب کی کرپشن ہوئی ہے۔

حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے فائنل راؤنڈ کی حکمت عملی بتا دی

انتخابات سے قبل عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے، ن لیگی رہنماؤں کی تجویز
شائع 29 اپريل 2023 05:57pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیراعظم کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے۔ جس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے فائنل راؤنڈ کی حکمت عملہ طے کی گئی۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں عطا تارڑ، ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور منگل کو ہونے والے مذاکرات پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔

وزیراعظم کو اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرت پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حکومتی ٹیم نے آئین کے اندر رہتے ہوئے مثبت تجاویز دیں اور فائنل راؤنڈ میں بھی یہی حکمت عملی اپنائیں گے۔

اجلاس میں ممکنہ انتخابات کی تیاریوں، حلقوں کے مسائل پر غور کیا گیا اور الیکشن اور پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں معاشی اور سیاسی صورتِ حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

ن لیگی رہنماؤں نے تجویز دی کہ انتخابات سے قبل عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے، الیکشن سےقبل حلقوں کےمسائل حل کرنا ضروری ہیں۔

جس پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، عوام کوجلدریلیف کی خوشخبری دیں گے۔

پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کے باوجود پی ٹی آئی کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

پرویز الہیٰ کے گھر آپریشن مذاکرات ختم کرانے کی سازش ہوسکتی ہے، ہماری طرف سے مذاکرات ختم کرنے پر انہیں موقع مل سکتا ہے، پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 10:07pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے، جس میں جماعت کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر آپریشن کو سازش قرار دیتے ہوئے حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں عمران خان کو حکومت کے ساتھ مذکرات پر بریفنگ دی گئی اور پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پر آپریشن کی بھرپور مذمت کی گئی۔

بیشتر پی ٹی آئی رہنماؤں نے رائے دی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں، پرویز الہیٰ کے گھر آپریشن مذاکرات ختم کرانے کی سازش ہوسکتی ہے، ہماری طرف سے مذاکرات ختم کرنے پر انہیں موقع مل سکتا ہے۔

جبکہ کچھ رہنماؤں نے تجویز کیا کہ مذاکرات کو مزید آگے نہیں جانا چاہئیے، ہماری تجویز پر عمل نہ ہو تو مذاکرات ختم کرنے چاہئیں۔

اجلاس میں مختلف تجاویز اور آئندہ کےلائحہ عمل پر گفتگو جاری ہے۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شبلی فراز، اعظم سواتی، اعجازچوہدری، حماد اظہر اور محمود خان سمیت کئی دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

’حکومت مذاکرات کیلئے تیار نہیں تو اسحاق ڈار کو روک لیں‘

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی زمان پارک سے روانہ ہوئے تو مظاہرین ان کی گاڑی کے آگے بیٹھ گئے۔

شاہ محمودقریشی نے مظاہرین سے کہا کہ احتجاج آپ کا حق ہے،یہ طریقہ درست نہیں، مجھےایک ضروری کام سے ظہور الہیٰ روڈ جانا ہے۔

جس کے بعد وہ مظاہرین کی بات سنے بغیر روانہ ہوگئے۔

بعد ازاں، شاہ محمود قریشی نے چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیک نیتی سے مذاکرات کیلئے بیٹھے ہیں، حکمرانوں کےدل میں کیا ہے ہم نہیں جانتے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے کے حوالے سے کہا کہ حکومتی طرز عمل سے ہمیں افسوس ہوا ہے، حکومت مذاکرات کیلئے تیار نہیں تو اسحاق ڈار کو روک لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی، اور انہیں مذاکرات سے متعلق آگاہ کیا، مذاکرات پر عمران خان سے رہنمائی حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیکھنا ہے حکومتی ٹیم کتنی بااختیار ہے۔

کچھ دیر بعد حماد اظہر اور فواد چوہدری بھی زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔

جاتے جاتے حماد اظہر نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے، اجلاس میں کسی نے بھی مذاکرات کرنے سے انکار نہیں کیا۔

بیرسٹرعلی ظفر نے زمان پارک میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر حملہ بہت عجیب بات ہے، مذاکرات بہت خوشگوار ماحول میں جاری ہیں، قدم آگے بڑھ رہے تھے اور منزل قریب تھی، سمجھ نہیں آرہی اس آپریشن کا کیا مقصد ہے۔

بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب آپریشن کردیا جاتا ہے، مذاکرات کیلئے جائیں گے یا نہیں، فیصلہ تھوڑی دیرمیں ہوجائے گا۔

فواد چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے حکومت سے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سےآئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے، منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی۔

عمران کو مسلط کرنیوالے پاکستان کے مجرم اور سزا کے مستحق ہیں، مریم نواز

ساس، داماد، بچوں کی خواہش پر فیصلے ہو رہے ہیں، مریم نواز
شائع 29 اپريل 2023 05:15pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو مسلط کرنے والے پاکستان کے مجرم اور سزا کے مستحق ہیں۔

مریم نواز نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ریاست انصاف کی منتظر ہے، انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھ کر ریاست کی تقدیر کے فیصلے ساسوں، دامادوں اور بچوں کی خواہش اور ان کے مالی مفادات کی خاطر ہو رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا گھناؤنا عدالتی مذاق آج تک کسی ریاست کے ساتھ نہیں ہوا ہو گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں کہا جن کے ریٹائر ہونے کے بعد یہ حالات ہیں، سوچیں جب وہ طاقت کے نشے میں اپنی کرسیوں پر بیٹھے تھے تو کس طرح اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہوں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ قائد ن لیگ نواز شریف چپ ہیں مگر سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر

چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ 2 مئی کو سماعت کرے گا
شائع 29 اپريل 2023 03:55pm
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف کیس سماعت کے لئے مقرر کردیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 8 رکنی ببنچ 2 مئی کو سماعت کرے گا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر عملدرآمد روک دیا

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کو نوٹس جاری کر دیے۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف سمیت 9 سیاسی جماعتوں کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجرقانون 2023 کیخلاف درخواست دائر

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پرعدالتی اصلاحات بل پرعملدرآمد روک دیا تھا۔

پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ: پولیس پر حملے میں گرفتار 2 افراد مقدمے سے خارج

عدالت نے 17 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 04:43pm
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کے دوران پولیس پر حملے میں گرفتار 2 افراد کو مقدمے سے خارج جبکہ 17 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پرویز الہٰی کے گھر آپریشن کے دوران پولیس پر حملے کے معاملے پر سماعت کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے، کارکنان پر پرویز الہٰی کے گھر پولیس آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے ، پتھراو اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے، ملزمان سے واقع کی تفصیلات اور برامدگیاں کرنی ہیں، ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

پرویز الہٰی اور گرفتار ملزمان کے وکیل عاصم چیمہ اور عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی نے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کروا رکھی ہے، مگر پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر کا غیر قانونی طور پر محاصرہ کیا، گرفتار ملزمان پرویز الہٰی کے گھریلو ملازمین ہیں، ان میں کوئی مالی ہے کوئی باورچی ہے، ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔

عدالت نے 17 ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

عدالت نے ملزموں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ملزم مبارک شاہ اور محمد نواز کو مقدمہ سے خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ دونوں افراد عمر رسیدہ اور پولیس کے سامنے مزاحمت کے قابل نہیں ہیں، مبارک شاہ اور محمد نواز مالی اور ڈرائیور ہیں، ان ملزمان کو غلط گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں ذکر الہٰی، غلام محی الدین، محمد ثاقب، محمد بوٹا، محمود احمد، محمد حسین، عابد محمود، مسعود احمد، منیر احمد، ملک عاشق حسین، ممتاز حسین، محمد صابر، عدالت خان، عبد المجید، محمد بشیر، سمیع اللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔

چھاپے کے دوران گرفتار 15 ملزمان نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں ضمانت کی درخواست دائر کردی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔

وزیراعظم کی موسم گرما میں بجلی کی ترسیل میں بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر خرم دستگیر کی ملاقات
شائع 29 اپريل 2023 02:49pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے موسم گرما میں بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر نے لاہور میں ملاقات کی اور شہباز شریف کو پاور سیکٹر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موسم گرما میں بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے لیے نئی ٹرانسمیشن لائنز پر جاری کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسم گرما میں بجلی کے صارفین کو ہر ممکن سہولت پہنچائی جائے۔

محسن نقوی کے عہدے پر برقرار رہنے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

درخواست میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریق
شائع 29 اپريل 2023 02:17pm

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے عہدے پر برقرار رہنے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہری لطیف چوہدری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں نگران حکومت کی آئین میں دی گئی معیاد ختم ہو چکی ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگران حکومت کو توسیع نہیں دی، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی غیر آئینی طور پر عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ اور کابینہ کا عہدے پر برقرار رہنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، 90 روز گزرنے کے بعد نگران حکومت کے تمام احکامات اور اقدامات غیر آئینی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو فوری عہدے سے ہٹانے اور نگراں حکومت پنجاب کو کام سے روکنے اور الیکشن کمیشن کو پنجاب میں نئی نگراں حکومت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔

نگراں وزیراعلی پنجاب عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ

دوسری جانب نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی عمرے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی عمرے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری گزشتہ روز عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ تھے۔

عمران خان کیخلاف 121 مقدمات درج کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 121 مقدمات درج کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
اپ ڈیٹ 02 مئ 2023 09:55am

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 121 مقدمات درج کرنے کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 2 مئی کو سماعت کرے گا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کیخلاف 121 مقدمات کا اخراج: مقدمات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی۔

لارجر بینچ میں جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس انوار الحق اور جسٹس امجد رفیق شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: زمان پارک آپریشن روکنے کیلئے عمران خان کی فوری سماعت کی درخواست مسترد

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 121 مقدمات کو خارج کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنیٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کیخلاف 121 مقدمات کے اخراج کیلئے دائر درخواست پر دلائل طلب

عمران خان کو دھمکیاں: مریم اور رانا ثناء کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عدالت نے سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی
شائع 29 اپريل 2023 01:37pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

ملیر کوٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو دھمکیاں دینے کے الزام پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دوران سماعت درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ مریم نواز اور رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، ایف آئی آر کیلئے پولیس سےرابطہ کیا لیکن درخواست ہی وصول نہیں کی گئی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ مریم اور رانا ثناء کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

ن لیگ کے وکیل نے کہاکہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے مسترد کی جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔

دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، آرمی چیف

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147 ویں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 02:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ملک سے وفاداری ہے، ہمارے لیےعوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں، ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہوگا، دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147ویں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ریاست کا محور پاکستان کی عوام ہیں، پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ملک سے وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پرعمل پیرا ہے، جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں، کوئی فرض مادر وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں، امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج اپنے اس فرض کو نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، افواجِ پاکستان کے غیور اور سر بکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے، افواجِ پاکستان اپنے مضبوط قوتِ ارادی ، وعدہِ پروردگار اور اُسی کے تابعِ فرمان ہیں۔

سربراہ پاک فوج نے واضح کیا کہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے، قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں، ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا، دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حَقِ خودارادیت کے لیے اُن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیئے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے قرانِ مجید کی سورہِ بقرہ کی آیت کریمہ کے ایک حصے کی تلاوت کی، جس کا ترجمہ ہے کہ “ کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی“۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147 ویں پاسنگ آوٹ پریڈ

دوسری جانب پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی تھے۔

کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پاک فوج کے سربراہ کا استقبال کیا۔

جنرل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔

پاس آؤٹ ہونے والوں میں فلسطین، بحرین، عراق، قطر اور سری لنکا کے کیڈٹس شامل تھے۔ آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ میں 147ویں پی ایم اے لانگ کورس، 13ویں مجاہد کورس، 66 ویں انٹیگریٹڈ کورس، چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے شرکاء بھی فارغ التحصیل ہوئے۔

پریڈ میں 21 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئیں پاس آؤٹ ہونے والوں میں فلسطین، بحرین، عراق، قطر اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔

اعزازی تلوار اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر عبداللہ بن طارق کوعطا کی گئی ، پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین سینئرانڈرآفیسرعلی عامر کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیزگولڈ میڈل سری لنکا سے بٹالین سپورٹس سارجنٹ نے حاصل کیا۔

آرمی چیف کی چھڑی انڈر آفیسر محمد عدنان منور نے حاصل کی، کمانڈنٹ چھڑی انڈرآفیسر عادل علی نے حاصل کی، 21 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کورس سارجنٹ میجر فاطمہ خالد کمانڈنٹ چھڑی سے نوازا گیا۔

بنیادی فوجی تربیتی کورس کے کورس انڈر آفیسر سلمان خان کو کمانڈنٹ چھڑی سے نوازا گیا۔

پرویز الہٰی سمیت دیگر کیخلاف 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج

مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا
شائع 29 اپريل 2023 01:12pm

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر اینٹی کرپشن کے چھاپے کے معاملے پر پولیس نے تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمے میں پرویزالہٰی سمیت 19 افراد نامزد ملزم قرار دیے گئے، مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، رہائش گاہ کے اندر موجود 40 سے 50 افراد نے پتھراؤ اور تشدد کیا جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پیٹرول بھی پھینکا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اس دوران موقع سے فرار ہوگئے جبکہ مزاحمت کرنے والے شرپسند افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 19 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔

اینٹی کرپشن کیس: پرویزالہٰی کی حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

جسٹس طارق سلیم شیخ نے حفاظتی ضمانت کا تحریری حکم جاری کیا
شائع 29 اپريل 2023 12:31pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی

لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت کا تحریری حکم جاری کیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ کیس کے میرٹ پر جائے بغیردرخواست گزار کی 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، درخواست گزار 50 ہزار روپے کے مچلکے ڈپٹی رجسٹرار کو جمع کرائے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار 6 مئی تک متعلقہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، 6 مئی ساڑھے 12 بجے تک عدالت کا یہ حکم ختم ہو جائے گا ۔

مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ آج اجلاس میں کریں گے، فواد چوہدری

چھاپے اور گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنارہی ہیں، پی ٹی آئی رہنما
شائع 29 اپريل 2023 11:44am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت سے جاری مذاکرات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپے اور گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنارہی ہیں، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں ، اس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر پر حملہ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جاء میں رکھنا اور پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔