Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

کراچی کے 7 اضلاع سے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھالیا

چنیسر ٹاؤن یوسی 5 کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین گرفتار
اپ ڈیٹ 22 مئ 2023 06:11pm

کراچی کے ساتوں اضلاع سے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھالیا ہے، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر نے چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبرز سے حلف لیا۔

کراچی کے ضلع وسطی گلبرگ ٹاؤن کے 48 منتخب بلدیاتی اراکین نے حلف اٹھالیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سمیت نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے 9 چیئرمینز، 10 وائس چیئرمینز اور 40 کونسلرز نے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار سے حلف لیا۔

میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کا اپنا میئر کراچی بنانے کا خواب پورا نہیں ہوگا، میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔

ضلع جنوبی لیاری ٹاؤن سے 9 منتخب 13 یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور 52 جنرل کونسلرز نے عہدے کا حلف اٹھایا۔

ضلع شرقی گلشن ٹاؤن کی 7 یونین کمیٹیز کے 42 نومنتخب ارکان نے بھی کونسل ہال میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے بھرپور نعرے بازی کی۔

ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن کی 5 یوسیز، مومن آباد اور منگھو پیر سب ڈویژن سے منتخب نمائندوں نے بھی حلف اٹھالیا۔

ڈسٹرکٹ کورنگی کے 37 چیئرمینز، 37 وائس چیئرمینز اور جنرل نشستوں پر منتخب 148 کونسلرز نے حلف اٹھایا۔

ضلع ملیر اور ڈسٹرکٹ کیماڑی سے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے بھی اپنی رکنیت کا حلف لیا۔

جیالوں نے نمائندوں کو ہار پہنائے، پھول نچھاور کیے اور ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منتخب نمائندوں کی حلف برداری پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نئے منتخب نمائندے سیاست سے بالاتر ہوکر اپنے اپنےعلاقوں کی خدمت کریں گے۔

چنیسر ٹاؤن یوسی 5 کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین گرفتار

دوسری جانب کراچی میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات جاری ہیں، چنیسر ٹاؤن یوسی 5 کے منتخب چیئرمین شاہد انصاری اور وائس چیئرمین راؤ وسیم کو گرفتارکرلیا گیا ہے، دونوں کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد انصاری اور راؤ وسیم حلف لینے گئے تھے، گرفتار منتخب نمائندوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔

پی ٹی آئی سندھ نے کراچی میں بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو گرفتار کرکے جمہوری حق چھین رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلدیاتی نمائندوں پر پیپلز پارٹی کو ووٹ ڈالنے کیلئے بھی دباؤ ڈالا جارہا ہے، حکومت تمام گرفتار بلدیاتی نمائندوں کو حلف کے لیے پیش کرے، پیپلزپارٹی اپنا میئر منتخب کروانا چاہتی ہے، ان کا یہ خواب ہم کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔

حلیم عادل شیخ کا ویڈیو بیان

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ حلف لینا منتخب نمائندے کا آئینی حق ہے لیکن ہمارے نمائندوں کو اس حق سے روکا جارہا ہے، چنیسر گوٹھ میں ہمارے چیئرمین کو گرفتار کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور جمہوریت ختم ہوچکی ہے، پرامن احتجاج کرنے کا حق ہمیں آئین نے دیا ہے، گرفتاریوں اور سزاؤں سے تحریکیں نہیں رکتی۔

local bodies election

karachi

take oath

Elected Local Government Representatives

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div