Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
21 Shawwal 1445  

9 مئی کے ملزمان کو قوم نہ معاف کرے گی نہ بھولے گی، آرمی چیف

شہداء کی یادگاروں کی بیحرمتی کرنے کا امر برداشت نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 04:28pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ شہداء کی یادگاروں کی بیحرمتی کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا، پولیس لائن آمد پر آئی جی اسلام آباد نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ جو کچھ نو مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہدا کو اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرمائی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا، افواج اور دیگر ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار ہیں، جو ملک و قوم کے وقارکی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ شہداء کے وارثین کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن قوم شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

سپاہی عمران شہید کی بیٹی کی جی ایچ کیو میں خصوصی دعوت

اس سے قبل یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر آرمی چیف نے سپاہی عمران شہید کی بیٹی کو آج جی ایچ کیو کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔

جنرل عاصم منیر نے سپاہی عمران شہید کی بیٹی عذرا سے ملاقات کی اور قوم کی بیٹی کو یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگزفراموش نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہرمشکل میں پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی، ہماری نوجوان نسل خاص کر بچے ملک کے مستقبل کا معمار ہیں، پاک فوج آنے والی نسلوں کے لیے ملک میں امن و سلامتی کی خاطر ہمیشہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے معصوم بیٹی سے مزید کہا کہ پوری قوم کو آپ کے بابا سپاہی عمران شہید پر ناز ہے، ملک اور قوم کے تمام تر شہداء ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔

سپاہی عمران شہید کی بیٹی کے ویڈیو بیان نے پوری قوم کو اشکبار کردیا۔

یاد رہے کہ سپاہی عمران شہید نے 12 اپریل 2022 میں انگوراڈہ وزیرستان میں وطنِ کی خاطر اپنا خون خاکِ ارضِ پاک میں شامل کیا، سپاہی عمران شہید کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے ہے، شہید نے ورثاء میں بیوہ اور 5 بچے چھوڑے ہیں۔

شہید کی بیٹی نے اپنے پیغام میں 9 مئی کے افسوس ناک واقعات کی مذمت کی تھی۔

آرمی چیف کی اسکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات

اس سے قبل یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔

سبراہ پاک فوج نے اسکول کے بچوں جن میں شہداء کے بچے بھی شامل تھے، ان سے بھی ملاقات کی۔

اسکول اور شہداء کے بچوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے۔

آرمی چیف نے بچوں سے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

rawalpindi

Army Chief

COAS

General Asim Munir

Pakistan Martyrs Day

school students

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div