Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

ووٹ مانگنے والے پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ووٹ دینے والے نہیں بدلے، شیخ رشید

13 جماعتی ٹولا عوام میں نفرت کا نشان بن چکا ہے، شیخ رشید
شائع 28 مئ 2023 11:53am

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 13 جماعتی ٹولا عوام میں نفرت کا نشان بن چکا ہے، ووٹ مانگنے والے پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں لیکن ووٹ دینے والے ابھی بھی نہیں بدلے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفر الحق اور گوہر ایوب کے علاوہ خود کو کریڈیٹ دیتا ہوں، کیوں کہ نوازشریف سمیت ان کی باقی ساری کابینہ دھماکوں کی مخالف تھی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اُن کے کے نام ای سی ایل میں ڈالے جارہے ہیں، اور جن کی جائیدائیں اور اولاد پاکستان سے باہر ہے ان سزا یافتہ مفرور مجرموں کو سفارتی پاسپورٹ جاری کئے جارہے ہیں، ایسے لوگ جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو تو پرائیوٹ جہازوں کے ذریعے بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے چاہئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، آج ن لیگ جو فصل بو رہی ہے کل اُسے کاٹنا پڑے گا، 13جماعتی ٹولاعوام میں نفرت کا نشان بن چکا ہے، ان جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اورعوام پریشانی میں ہیں، کوئی پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا، سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، ووٹ مانگنے والے پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں، ووٹ دینے والے ابھی نہیں بدلے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہوسکتا، اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارتحقیقات کرائی جائیں اور جو بھی ملوث ہےاُسےسخت سزا دی جائے، اہم ترین سوال یہ کہ پولیس کس کے کہنے پر خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔

سابق وزیر نے کہا کہ غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ملک میں جاری سیاسی اورانسانی حقوق کی پامالی پر بین الاقوامی حلقوں اور ادروں میں تشویش ہے، اور بہت سے اقوام متحدہ کے ذیلی اور اعلی ادارے جیلوں اور حالات کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح پر پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔

pti

PDM

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div