Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

آرمی چیف کا دو روزہ دورہ ایران مکمل، دہشت گرد نیٹ ورکس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

دونوں ممالک کی عسکری قیادت کا دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے پر اتفاق
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 08:16am

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا ایران کا دو روزہ دورہ مکمل ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دو روزہ دورہ ایران مکمل ہو گیا ہے، اس دوران سربراہ پاک فوج نے ایرانی عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

سربراہ پاک فوج کی ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات
سربراہ پاک فوج کی ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ ایچ ای حسین امیر عبداللہ سے ملاقاتیں ہوئیں، جس میں علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

آرمی چیف کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی تصویر ۔ سوشل میڈیا
آرمی چیف کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی تصویر ۔ سوشل میڈیا

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں اطراف کے فوجی کمانڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے کے لیے بالعموم اور دونوں ممالک کے لیے بالخصوص مشترکہ خطرہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انٹیلی جنس کے تبادلے سے سرحدی علاقوں میں دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، جب کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف موثر ایکشن پر بھی اتفاق کیا گیا، اور سیکورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے راستے تلاش کرنے کا عزم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔