Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

جڑواں شہروں میں طوفانی بارشیں، خطرے کے سائرن بجا دیے گئے

بلوچستان میں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت 6 ہلاک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مون سون کا دوسرا اسپیل داخل ہوچکا ہے، جہاں اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، وہیں کئی گھنٹوں کی بارش سے راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

راولپنڈی کے علاقوں اڈیالہ روڈ، کمیٹی چوک اور صادق آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

فوجی دستے نالہ لئی پہنچ گئے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں اب تک 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ سے تجاوز کرگئی، انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے۔

پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں، رین ایمرجنسی کے پیش نظر دستے نالہ لئی پر تعینات ہیں، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔

کٹاریاں میں پانی کی سطح 19 فٹ اور گوالمنڈی میں 18 فٹ تک پہنچ گئی، دونوں جگہوں سے آبادی کا انخلاء کروا دیا گیا۔

سب سے زیادہ شمس آباد کے مقام پر 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، چکلالہ کے مقام پر69، سید پور37 ملی میٹر، بوکرہ129 ، گولڑہ اور ایچ 8 میں 93 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب بن گئیں۔

مظفرآبادکے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہے اور بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

اسی طرح جلالپور پیروالا شہر اور گردونواح میں بارش شروع ہوتے ہی حسبِ معمول بجلی غائب ہوگئی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ رات اور دن میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں جمعرات سے مون سون کا دوسرا سسٹم انٹری دے گا، جس کے باعث 20 سے 22 جولائی تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہر کے چند علاقوں اور مضافات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے، جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

سندھ سمیت ملک بھر میں رواں ہفتے مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے تمام بیراجوں کے چیف انجنیئرز کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان

ملک بالائی علاقوں بارکھان، لورالائی، قلات، خضدار، ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

لسبیلہ، آواران، موسیٰ خیل، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 19 سے 21 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

19 سے 23 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اضلاع میں گرد و غبار کے طوفان اور بارش کا امکان ہے۔

شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ اور کراچی کے اضلاع میں 20 سے 22 جولائی تک کبھی کبھار وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 6 ہلاکتیں

بلوچستان میں بھی مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل داخل ہوچکا ہے، پی ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، آواران اور نصیر آباد کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں سیلابی ریلے آنے اور ٹریفک حادثات کے سبب 6 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔

مرنے والوں میں چار مرد ایک بچہ اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں چھ خواتین دو بچے اور پانچ مرد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 14 مکانات کو بھی نقصان پہنچا جن میں سے دو مکانات زیادہ متاثر ہوئے۔

محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا یہ دوسرا سپیل 21 جولائی تک رہے گا، اس دوران صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم مرطوب رہے گا۔

کوہلو، ژوب، موسیٰ خیل، قلات، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی میں چند مقامات پر ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا آج بھی امکان ہے۔

rawalpindi

kashmir

اسلام آباد

Rain